پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشراق عزیزی کی غزلیں — Ishraque Azizi Ghazals

اشراق عزیزی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لگ گئی مجھ کو یہ کس شخص کی ہائے ہائے (غزل)

لگ گئی مجھ کو یہ کس شخص کی ہائے ہائے

ایک لمحہ بھی مجھے چین نہ آئے ہائے

سسکیاں آہ و فغاں اور میں کیا کیا دیکھوں

ظلم اتنا بھی کوئی مجھ پہ نہ ڈھائے ہائے

جام ہاتھوں سے پلاتا ہے وہ ہر شام کے بعد

کاش ہونٹوں سے بھی اک روز پلائے ہائے

میرے محبوب ترے رخ کی زیارت کے لئے

چاند کی چاندنی کھڑکی سے بلائے ہائے

عشق کے جرم میں کروا کے گرفتار مجھے

کوئی پازیب کی جھنکار سنائے ہائے

دل چراتے ہیں سبھی دن کے اجالے میں مگر

کوئی راتوں کو مرا خواب چرائے ہائے

داستاں غم کی میں جب جب بھی لکھوں کاغذ پر

عکس اس ماہ جبیں کا ابھر آئے ہائے

سامنا ہو تو چرا لے وہ نگاہیں مجھ سے

دور جائے تو اشارے سے بلائے ہائے

اس کی انگلی میں وہ تاثیر کہ لذت بخشے

جب بھی وہ چائے میں انگلی کو گھمائے ہائے

اس کو میں دیکھ کے آیا ہوں تو کیا دیکھتا ہوں

اس کے عشاق مجھے دیکھنے آئے ہائے

توڑ کر دل وہ مرا جب سے گیا ہے اشراقؔ

دل سے ہر وقت نکلتی ہے صدائے ہاے

ترے آنچل کو دھانی لکھ رہا ہوں (غزل)

ترے آنچل کو دھانی لکھ رہا ہوں

تجھے میں رات رانی لکھ رہا ہوں

یہ درد دل یہ آنسو زخم سارے

کسی کی مہربانی لکھ رہا ہوں

ہے میرے ذہن میں جس کا تصور

اسے پریوں کی رانی لکھ رہا ہوں

کسی کو لن ترانی لگ رہی ہیں

جو باتیں خوش بیانی لکھ رہا ہوں

ترے لب میرے لب کے ماحصل ہیں

ترے صدقے جوانی لکھ رہا ہوں

ہوا کو بھی کبھی میں کاٹ دوں گا

ابھی پانی پہ پانی لکھ رہا ہوں

جلال الدین اکبر سے نہ کہنا

محبت کی کہانی لکھ رہا ہوں

جسے کہتی ہے دنیا نوکرانی

اسے محلوں کی رانی لکھ رہا ہوں

ادب سے بیٹھیے خاموش رہیے

بزرگوں کی نشانی لکھ رہا ہوں

جسے اشراقؔ جو کرنا ہے کر لے

میں اس دنیا کو فانی لکھ رہا ہوں

مزید غزلیں از اشراق عزیزی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں