ارتضی نشاط کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ادھر ادھر کے حوالوں سے مت ڈراؤ مجھے (غزل)
ادھر ادھر کے حوالوں سے مت ڈراؤ مجھے
سڑک پہ آؤ سمندر میں آزماؤ مجھے
مرا وجود اگر راستے میں حائل ہے
تم اپنی راہ نکالو پھلانگ جاؤ مجھے
سوائے میرے نہیں کوئی جارحانہ قدم
میں اک حقیر پیادہ سہی بڑھاؤ مجھے
اسی میں میری تمہاری نجات مضمر ہے
کہ میں بناؤں تمہیں اور تم مٹاؤ مجھے
گزرنے والا ہر اک لمحہ میرا قاتل ہے
خدا کے واسطے مارو اسے بچاؤ مجھے
جمی ہوئی ہیں مری لاش پر نگاہیں کیوں
میں کوئی آخری خواہش نہیں دباؤ مجھے
خوشی مناتے ہو کہتے ہو مجھ کو عید نشاطؔ
مگر میں خون کی ہولی بھی ہوں جلاؤ مجھے
راہ میں میری اگر آئے تو مر جائیں گے آپ (غزل)
راہ میں میری اگر آئے تو مر جائیں گے آپ
کیا مجھے یوں ہی نظر انداز کر جائیں گے آپ
ایک پل آسودگی کا ایک لمحہ عشق کا
مجھ سے ہم آغوش ہوتے ہی نکھر جائیں گے آپ
سطح پر مجھ کو چھلکنے کی نہ دعوت دیجئے
ایک قطرہ بھی اگر ٹپکا تو بھر جائیں گے آپ
اک ادا معصومیت اور ایک تہمت معصیت
کب تلک بچتے رہیں گے ہم کدھر جائیں گے آپ
بدشگونی کی علامت پیش خیمہ موت کا
دیکھیے ہم جان دے دیں گے اگر جائیں گے آپ
قبر جیسی نا پسندیدہ جگہ بھی ارتضٰیؔ
دل کبھی ہرگز نہ چاہے گا مگر جائیں گے آپ