پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشاد حسین کاظمی کی غزلیں — Irshad Husain Kazmi Ghazals

ارشاد حسین کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چلو اس بے وفا کو میں بھلا کر دیکھ لیتا ہوں (غزل)

چلو اس بے وفا کو میں بھلا کر دیکھ لیتا ہوں

یہ شعلے خشک پتوں میں چھپا کر دیکھ لیتا ہوں

کسی صورت گزشتہ ساعتوں کے نقش مٹ جائیں

میں دیواروں سے تصویریں ہٹا کر دیکھ لیتا ہوں

جو اتنی پاس ہیں وہ صورتیں دھندلائیں گی کیسے

خود اپنی سانس شیشے پر لگا کر دیکھ لیتا ہوں

بہت دل کو ستاتا ہے اگر بے خانماں ہونا

تو کچھ لمحے ہوا میں گھر بنا کر دیکھ لیتا ہوں

یہ ممکن ہے اسے بھی اس سے ہو کچھ دور کی نسبت

میں آنے والا ہر پتھر اٹھا کر دیکھ لیتا ہوں

توقع ہے کہ شاید وہ یوں ہی پہچان لے مجھ کو

اسے اس کے پرانے خط دکھا کر دیکھ لیتا ہوں

مرے غم کی خبر ارشادؔ دنیا کو ہوئی کیسے

بھرے تالاب میں کنکر گرا کر دیکھ لیتا ہوں

ڈھلوان پر گلاب ترائی میں گھاس ہے (غزل)

ڈھلوان پر گلاب ترائی میں گھاس ہے

اس خطۂ چمن کو مرے خوں کی پیاس ہے

موسم کی آندھیوں میں بکھر جائے ٹوٹ کر

اس کارگاہ شیشہ گری کو یہ راس ہے

میں جانتا ہوں شرم سے بوجھل نگاہ کو

یہ ننگی خواہشوں کا پرانا لباس ہے

جو بجھ چکا اس ایک ستارے کی روشنی

اب بھی سواد شہر دل و جاں کے پاس ہے

ہے یاد آج بھی انہی ہونٹوں کا ذائقہ

ہاتھوں میں اب بھی اس کے پسینے کی باس ہے

دیوار پر لگی ہوئی تصویر دیکھنا

ماضی کی داستان کا یہ اقتباس ہے

ٹھٹھری ہوئی ہے روح چمکتا ہے آفتاب

دونوں کے درمیان فصیل حواس ہے

قصر‌ سخن میں کھولیے لفظوں کی کھڑکیاں

اس دور میں بس اک یہی راہ نکاس ہے

ارشادؔ ساری کاوشیں بے کار محض ہیں

سرما کی رات سے تجھے حدت کی آس ہے

مزید غزلیں از ارشاد حسین کاظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں