پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشاد عاطف کی غزلیں — Irshad Atif Ghazals

ارشاد عاطف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو بے شک میٹھا میٹھا بولتا ہے (غزل)

تو بے شک میٹھا میٹھا بولتا ہے

مگر کچھ اور چہرہ بولتا ہے

تمہارا شہر ہے یا کربلا ہے

لگی ہے پیاس دریا بولتا ہے

وہ آنکھیں بند کر لیتا ہے اپنی

اور آئینے کو اندھا بولتا ہے

سنے گا کیا کسی کی تو نصیحت

ترے پاکٹ میں پیسہ بولتا ہے

بھلے ہو جائیں گونگے سارے رشتے

مگر ممتا کا رشتہ بولتا ہے

غلط رہبر کے پیچھے جا رہے ہو

سنبھل جاؤ یہ رستہ بولتا ہے

وراثت ہے ہماری بھی یہاں پر

وطن کا میرے نقشہ بولتا ہے

تو اچھا بولتا ہے پھر بھی عاطفؔ

ضرورت سے زیادہ بولتا ہے

جو اپنی چھوٹی آنکھوں میں بڑے سپنے سجائیں گے (غزل)

جو اپنی چھوٹی آنکھوں میں بڑے سپنے سجائیں گے

وہ ان کے ٹوٹنے کا بعد میں ماتم منائیں گے

نہ کر تو فکر تیرے بعد اس دنیا کا کیا ہوگا

تجھے کچھ روز میں ہی دنیا والے بھول جائیں گے

مجھے خاموش کر کے ہو رہا ہے خوش مگر سن لے

مرے قصے جہاں والے سنیں گے اور سنائیں گے

اجالا بیچنے وہ آ گئے ہیں آج بستی میں

جو کل کہہ کر گئے تھے ہم اندھیروں کو مٹائیں گے

پڑا ہے آج مٹی کے تلے ان کا بدن عاطفؔ

جو دعویٰ کرتے تھے ہم مٹی کو سونا بنائیں گے

مزید غزلیں از ارشاد عاطف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں