پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان شاہ نوری کی غزلیں — Irfan Shah Noori Ghazals

عرفان شاہ نوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے جذبات کو لفظوں میں دباؤں کب تک (غزل)

اپنے جذبات کو لفظوں میں دباؤں کب تک

میں حقیقت کو مرے خواب دکھاؤں کب تک

پھر چراغوں کو ہواؤں سے بچانے کے لیے

اپنے ہاتھوں ہی کو فانوس بناؤں کب تک

دل مضطر یہ بتا جھوٹی تسلی کے لیے

میں تصور میں بھلا اس کو بلاؤں کب تک

جس کے انصاف سے قاتل کو سکوں حاصل ہو

ایسے منصف کو ہرے زخم دکھاؤں کب تک

وہ جو آ جائیں تو پھر ضد نہ کریں جانے کی

بات یہ ان کو بتاؤں تو بتاؤں کب تک

دست افلاس کی دستک کو مسلسل سن کر

اپنے ہاتھوں میں نوالوں کو اٹھاؤں کب تک

اس کی آمد کی خبر سن کے میں عرفاںؔ آخر

اپنی پلکوں کو سر راہ بچھاؤں کب تک

سر بزم انگلی اٹھانے سے پہلے (غزل)

سر بزم انگلی اٹھانے سے پہلے

خود آئینہ دیکھو دکھانے سے پہلے

نہ آواز دوں گا ذرا سوچ لے تو

اکیلا مجھے چھوڑ جانے سے پہلے

دعاؤں میں اپنی تو کر مجھ کو شامل

تو میری دعاؤں میں آنے سے پہلے

کیوں کہتا زمانہ دوانہ تمہیں بھی

نہ ملتے اگر اس دوانے سے پہلے

سیاست نے اس کو بچا کر ہی رکھا

وہی آگ لیکن بجھانے سے پہلے

سمجھ لے یہ دنیا بڑی سنگ دل ہے

تبسم لبوں پر سجانے سے پہلے

سمجھ لے غزل کا تو رنگ تغزل

غزل اپنی عرفاںؔ سنانے سے پہلے

مزید غزلیں از عرفان شاہ نوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں