انعام الحق جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ایک شخص کہ باعث مرے زوال کا تھا (غزل)
وہ ایک شخص کہ باعث مرے زوال کا تھا
زمیں سے ملتا ہوا رنگ اس کے جال کا تھا
دل و نگاہ میں جھگڑا بھی منفرد تھا مگر
جو فیصلہ ہوا وہ بھی بڑے کمال کا تھا
میں جان دینے کا دعویٰ وہاں پہ کیا کرتا
جو مسئلہ اسے درپیش تھا مثال کا تھا
میں چاہتا تھا کہ وہ خود بخود سمجھ جائے
تقاضا اس کی طرف سے مگر سوال کا تھا
یہ اور بات کہ بازی اسی کے ہاتھ رہی
وگرنہ فرق تو لے دے کے ایک چال کا تھا
تمام عمر گنوا دی جسے بھلانے میں
وہ نصف ماضی کا قصہ تھا نصف حال کا تھا
میں پہلے زخم پہ چونکا تھا درد سے لیکن
پھر اس کے بعد کسے ہوش اندمال کا تھا
تیرگی میں جل اٹھنا چاندنی میں کھو جانا (غزل)
تیرگی میں جل اٹھنا چاندنی میں کھو جانا
کس طرح ہوا ممکن پانیوں پہ سو جانا
عمر بھر کی چاہت کا ایک ہی صلہ پایا
درد نے ہمیں سمجھا ہم نے درد کو جانا
ایک رنگ اپنا ہے رات رت کی چھاؤں میں
چاندنی بھی آئے گی تم بھی آ کے رو جانا
بادلوں کے سائے میں یہ تو ان کی عادت ہے
جس کے سر پہ سورج ہو اس کے ساتھ ہو جانا
تتلیوں کے پاؤں میں پھول پھول زنجیریں (نظم)
تتلیوں کے پاؤں میں پھول پھول زنجیریں
خوشبوؤں کی بستی میں خواب خواب تعبیریں
ہے بس ایک ہی خواہش
راگ رنگ دنیا میں
دل کی تنگ دنیا میں
لکھ سکوں کبھی میں بھی
رات کے صحیفے پر چاندنی کی تحریریں
آخری مناجاتیں
آسمان کی باتیں
کچھ بھی ہو نہیں سکتا
آج اپنی مرضی سے
تو بھی ہنس نہیں سکتا
میں بھی رو نہیں سکتا