پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امتیاز علی عرشی کی غزلیں — Imtiyaz Ali Arshi Ghazals

امتیاز علی عرشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہماری محفلوں میں بے حجاب آنے سے کیا ہوگا (غزل)

ہماری محفلوں میں بے حجاب آنے سے کیا ہوگا

نہیں جب ہوش میں ہم جلوہ فرمانے سے کیا ہوگا

جنوں کے ساتھ تھوڑی سی فضائے لا مکاں بھی دے

مری وحشت کو اس دنیا کے ویرانے سے کیا ہوگا

ہے مر جانا کلید فتح سمجھایا تھا رندوں نے

مگر ناصح یہ کہتا ہے کہ مر جانے سے کیا ہوگا

زہے قسمت اگر حضرت خود اپنا جائزہ بھی لیں

ہماری زندگی پر تیر برسانے سے کیا ہوگا

اگر ہمدرد بنتے ہو تو زنجیریں ذرا کھولو

مری پا بستگی پر یوں ہی غم کھانے سے کیا ہوگا

در پیر مغاں چھوڑیں یہ ہم سے ہو نہیں سکتا

کوئی واعظ سے کہہ دو تیرے بہکانے سے کیا ہوگا

جسے دیکھو وہ ہے سرمست صہبائے خرد یکسر

خداوندا! یہاں اک تیرے دیوانے سے کیا ہوگا

نہیں قلب و جگر میں خون کا قطرہ کوئی باقی

عزیزو اب ہمارے ہوش میں آنے سے کیا ہوگا

دکھوں کو کھو نہیں سکتے اگر اہل خرد عرشیؔ

تو خالی سینۂ افلاک برمانے سے کیا ہوگا

پہروں بیٹھا یہ سوچتا ہوں (غزل)

پہروں بیٹھا یہ سوچتا ہوں

میں بھی کسی درد کی دوا ہوں

سیماب نہیں مگر ہوں مضطر

محشر نہیں پھر بھی میں بپا ہوں

سوئی ہوئی قوم کا ہوں رہبر

سوتے میں اذان دے رہا ہوں

پہلے گزرا ہے مجھ سے فرہاد

یوں کہہ دو مجھے کہ دوسرا ہوں

رستہ سنسان ہو نہ جائے

میں اس لئے کانٹے بو رہا ہوں

جگ بیت چکے مگر ابھی تک

خود اپنی تلاش میں لگا ہوں

کون اس کو سنے سوائے میرے

میں اپنی شکست کی صدا ہوں

ہر شخص مجھ کو دیکھتا ہے

دنیا بھر کا میں ماجرا ہوں

کوئی تو ملے خوشی کا ساتھی

آئینے میں مسکرا رہا ہوں

ہے چشم براہ کون میرا

یا رب میں کس کا آسرا ہوں

جب دیکھیے جل رہا ہوں عرشیؔ

کیا میں کسی لاکھ کا دیا ہوں

مزید غزلیں از امتیاز علی عرشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں