پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امداد نظامی کی غزلیں — Imdad Nizaamii Ghazals

امداد نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات چراغ کی محفل میں شامل ایک زمانہ تھا (غزل)

رات چراغ کی محفل میں شامل ایک زمانہ تھا

لیکن ساتھ میں جلنے والی رات تھی یا پروانہ تھا

خضر نہیں رہزن ہی ہوگا راہ میں جس نے لوٹ لیا

لیکن یارو شک ہوتا ہے کچھ جانا پہچانا تھا

شب بھر جس روداد الم پر اشک بہاتے گزری تھی

صبح ہوئی تو ہم نے جانا اپنا ہی افسانہ تھا

کون ہمارے درد کو سمجھا کس نے غم میں ساتھ دیا

کہنے کو تو ساتھ ہمارے تم کیا ایک زمانہ تھا

لوگ اسے جو چاہیں کہہ لیں اپنا تو یہ حال رہا

صرف انہیں سے زخم ملے ہیں جن سے کچھ یارانہ تھا

مصلحتوں کی اس بستی میں لب کھلتے یہ تاب نہ تھی

وضع جنوں کی بات نہ پوچھو وہ بھی ایک بہانہ تھا

تلخئ غم پہنچے تھے بھلانے سود و زیاں میں الجھے ہیں

بادہ فروشوں کی منڈی تھی نام مگر مے خانہ تھا

جن کی خاطر ہم نے اپنا ذوق طلب بدنام کیا

آج وہی کہتے ہیں ہنس کر شاعر تھا دیوانہ تھا

کانٹوں میں ہی کچھ ظرف سماعت نظر آئے (غزل)

کانٹوں میں ہی کچھ ظرف سماعت نظر آئے

گلشن میں کہیں تو میری روداد سنی جائے

اس کارگہ شیشہ میں آئینہ ہوں میں بھی

چہرہ نہیں کوئی تو کوئی سنگ ہی آئے

گلگشت کا اب ذوق نہ کچھ قدر بہاراں

اک عمر سے ہوں زخموں کا گل زار سجائے

منزل کا ہے امکاں نہ کوئی ختم سفر کا

اس آبلہ پائی کو کوئی نام دیا جائے

اس وادی کہسار میں پتھر ہی نہیں ہیں

ہے اور بہت کچھ بھی کسی کو تو نظر آئے

ہاں تیز بہت تیز ہے اب وقت کی رفتار

اس دل کا کروں کیا کہ جو چل پائے نہ رک پائے

تانبے سی زمیں اور سوا نیزے پہ سورج

تقدیر نے یوں حشر کے آثار دکھائے

اک گرد مسافت تھی جو چہرے سے نہ اتری

ویسے تو یہاں ہم نے کئی شہر بسائے

امدادؔ نظامی نہ سخنور تھے نہ شاعر

کچھ زخم امانت تھے کسی کی وہی لے آئے

مزید غزلیں از امداد نظامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں