پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حصیر نوری کی غزلیں — Haseer Noori Ghazals

حصیر نوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لوگ کہتے ہیں کہ سورج میں اندھیرا کیوں ہے (غزل)

لوگ کہتے ہیں کہ سورج میں اندھیرا کیوں ہے

دھوپ نکلی ہے غلط بات کا چرچا کیوں ہے

زندگی سے نہیں جب تم کو کوئی دلچسپی

چند لمحوں کی مسرت کا تقاضا کیوں ہے

پڑھنے والوں کے دلوں پر ہو صداقت کا اثر

ایسی تحریر وہ لکھتا ہے تو لکھتا کیوں ہے

اپنے مرکز پہ جسے لوٹ کر آنا ہی پڑا

دیکھ کر آئنہ اب چہرہ چھپاتا کیوں ہے

ڈر رہا ہوں کہ مصیبت نہ کہیں آ جائے

ذہن میں تیزی سے احساس یہ ابھرا کیوں ہے

مجھ سے نفرت ہے تو اظہار کبھی بھی نہ کیا

وہ فرشتہ ہے تو کچھ کہنے سے ڈرتا کیوں ہے

یاد ہوگی تمہیں پہلے کی ہر اک بات حصیرؔ

پھر محبت سے اسے تم نے نوازا کیوں ہے

جو بھی یہاں ہوا وہ بہت ہی برا ہوا (غزل)

جو بھی یہاں ہوا وہ بہت ہی برا ہوا

ہر آدمی کا ذہن ہے اب تک جلا ہوا

مٹی کو سونگھنے سے کوئی فائدہ نہیں

میں جا رہا ہوں نقش وفا چھوڑتا ہوا

روزن بنا رہے ہیں خلا میں کرن کے تیر

سورج اسی لیے ہے زمیں پر جھکا ہوا

ہم سہہ رہے ہیں اپنے عزیزوں کے درد و غم

آیا جو دست و پا لیے بے دست و پا ہوا

اک شخص میرے ساتھ سفر میں رہا مگر

منزل قریب آئی تو مجھ سے جدا ہوا

مجھ کو کسی کی بات کی پروا نہیں ابھی

میں جی رہا ہوں شہر میں تنہا تو کیا ہوا

افسوس کی نہیں یہ تعجب کی بات ہے

کیسے گزر گیا وہ مجھے دیکھتا ہوا

تم نے مرے لیے تو بہت کچھ کیا مگر

کیا تم کو اے حصیرؔ کوئی فائدہ ہوا

مزید غزلیں از حصیر نوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں