پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

#hamidnaved دھوبی کا بھی ایک کردار بہت زمانے تک…

#hamidnaved

دھوبی کا بھی ایک کردار بہت زمانے تک گھروں میں ر ہا اور بہت سے گھروں میں شاید اب بھی ہو-ہمارا دھوبی گدھا گاڑی جس پر کپڑوں کے پوٹلے لدے ہوتے آتا اور گدھا گاڑی کی باگوں کو گھر کے باہر درخت سے باندھ دیتا – گھر گھر جاکر میلے کپڑے اٹھاتا اور دھلے ہوئے کپڑوں کی ترسیل کرتا- ہر کپڑے پر پکّی روشنائی سے ایک نشان لگا ہوتا جو اور گھروں سے مختلف ھوا کرتا تھا- کپڑے دیتے وقت ان کی تعدادلکھنابشمول تخصیص زنانہ و مردانہ اور واپسی پر ان کی تعدادکی تصدیق کرنا بھی گھر کے کسی فرد کا ایک کام ھوا کرتا تھا- اس کام کیلئے ایک ڈائری مخصوص تھی جس میں کپڑوں کی گنتی سے لیکر پیسوں کا حساب کتاب درج ہوا کرتا- ہمارا دھوبی جب زیادہ بوڑھا ھوگیا تو اس کے بیٹے نے اس کی گدّی سنبھال لی
گرمیوں کے دنوں میں قلفی والے اور سردیوں میں مونگ پھلی اور چلغوزے والے جب اس دروازے کے سامنے سے گزرتے تو ان سے خریداری کرنے میں ہمیں ذرا آلکس نہ آتی بلکہ ان کی آواز سن کر گھر میں فرمائش کی جاتی جو عموما” پوری ھوجاتی
کھانے پینے میں بہت سادگی ہوا کرتی تھی شاید اسکی وجہ یہ بھی تھی کہ ان دنوں گھروں میں خوراک کی وہ فراوانی نہ ہوا کرتی تھی جو آجکل گھروں میں نظر آتی ہے – حساب کتاب سے کھانا پکتا تھا اور بالکل ضائع نہیں کیا جاتا تھا- بلکہ بچے ہوئے کھانوں کو استعمال کرکے نئی ڈش تیار کرلی جاتی تھی – ایک بات ھے کہ باوجود اس کے کہ اکثر مہمان پیشگی اطلاع کے بغیر آجاتے تھے لیکن اس پر بھی میں نے گھر والوں کو کبھی پریشان ھوتے نہیں دیکھا- شاید سادگی اور محبت کھانے میں برکت پیدا کردیتی تھیں
باورچی خانے کو سوئی گیس آجانے کے بعد "ماڈرن” کردیا گیا تھا اور کھانا کھڑے ہوکر پکایا جانے لگا وگرنہ اس سے پہلے مٹی کے تیل کا چولھا (جس کا رتبہ اس کی بتییوں کی تعداد سے مانا جاتا) اور اس سے بھی پہلے مٹی کا چولھا جس میں لکڑیاں جلائی جاتیں- صبح اسکول جانے سے پہلے پٹڑیوں پر بیٹھ کر اپنے مخصوص پیالوں میں چائے اور "تلو” میں تلے پراٹھے کتنا مزہ دیتے تھے آج بھی زبان ان لذتوں کی متلاشی ھے..

کتاب "جو جا کے نہ آئے” کے باب "چھوٹے بھائیجان کی شادی” سے ایک صفحہ
تحریر:تنویر فاروقی