حکیم رازی ادیبی اشرفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تھا دام ہوس ہی کچھ ایسا وہ لوٹ کے آنا بھول گیا (غزل)
تھا دام ہوس ہی کچھ ایسا وہ لوٹ کے آنا بھول گیا
جو بستی بستی پھرتا تھا وہ گھر کا رستہ بھول گیا
وہ لمحہ کیسا لمحہ تھا جب ان سے نظر ٹکرائی تھی
یہ منزل کون سی منزل ہے میں ہوش میں آنا بھول گیا
یہ بات سبھی کے علم میں ہے اور سارا زمانہ شاہد ہے
وہ شخص ذلیل و خوار ہوا جو درد کا رشتہ بھول گیا
وہ سامنے تھے تو کہہ نہ سکا جب لوٹ گئے تو یاد آیا
یہ بھول گیا وہ بھول گیا میں جانے کیا کیا بھول گیا
خوش فہمی کہاں لے آئی ہے اب میں ہوں مری تنہائی ہے
میں بھول گیا تھا دنیا کو مجھ کو بھی زمانہ بھول گیا
اوروں کے لئے مرہم لے کر میں گلیوں گلیوں بھٹکا ہوں
کیا کہئے مگر خود اپنے ہی زخموں کا مداوا بھول گیا
نیرنگی عالم نے رازیؔ وہ تلخ حقائق بخشے ہیں
وہ اپنی کہانی بھول گئے میں اپنا فسانہ بھول گیا
ملے سراغ تو منزل کا یوں سراغ ملے (غزل)
ملے سراغ تو منزل کا یوں سراغ ملے
کف حسیں پہ جلائے کوئی چراغ ملے
فضول دورئ منزل کا ذکر ہے یارو
تڑپ نہیں ہے تو منزل کا کیا سراغ ملے
کلی کلی تھی فسردہ اداس اداس تھے پھول
گمان جن پہ ہو جنگل کا ایسے باغ ملے
نباہ کیسے دل سادہ ان سے کر پاتا
قدم تھے خاک پہ اور عرش پر دماغ ملے
عجیب بات ہے دل کو نہ کر سکیں روشن
مہہ و نجوم سا روشن جنہیں دماغ ملے
لہو نچوڑ دیں رگ رگ سے اور بھر ڈالیں
مئے نشاط سے خالی اگر ایاغ ملے
مرے لیے کسی دولت سے کم نہیں رازیؔ
خوشا نصیب کہ احباب ہی سے داغ ملے