حکیم منظور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ سمجھ آیا نہ آیا میں نے سوچا ہے اسے (غزل)
کچھ سمجھ آیا نہ آیا میں نے سوچا ہے اسے
ذہن پر اس کو اتارا دل پہ لکھا ہے اسے
ان دنوں اس شہر میں اک فصل خوں کا رقص ہے
ہم بہت بے بس ہوئے ہیں، میں نے لکھا ہے اسے
دھوپ نے ہنس کر کہا دیکھا تجھے پگھلا دیا
برف کیا کہتی نفاست نے ڈبویا ہے اسے
باغ میں ہونا ہی شاید سیب کی پہچان تھی
اب کہ وہ بازار میں ہے اب تو بکنا ہے اسے
کل بھرے بادل میں کیا رنگوں کا دروازہ کھلا
مجھ کو کل تک تھا یہ دعویٰ میں نے سمجھا ہے اسے
ایک شے جس کو عموماً صرف دل کہتے ہیں لوگ
مر گیا ہوتا مگر میں نے بچایا ہے اسے
کرب دل کا میرے لب پر آئے گا منظورؔ کیا
میں نے خون دل سے کاغذ پر اتارا ہے اسے
چھوڑ کر مجھ کو کہیں پھر اس نے کچھ سوچا نہ ہو (غزل)
چھوڑ کر مجھ کو کہیں پھر اس نے کچھ سوچا نہ ہو
میں ذرا دیکھوں وہ اگلے موڑ پر ٹھہرا نہ ہو
میں بھی اک پتھر لیے تھا بزدلوں کی بھیڑ میں
اور اب یہ ڈر ہے اس نے مجھ کو پہچانا نہ ہو
ہم کسی بہروپئے کو جان لیں مشکل نہیں
اس کو کیا پہچانیے جس کا کوئی چہرا نہ ہو
اس کو الفاظ و معانی کا تصادم کھا گیا
اب وہ یوں چپ ہے کہ جیسے مدتوں بولا نہ ہو
دندناتا یوں پھرے ہے شہر کی سڑکوں پہ وہ
جیسے پورے شہر میں کوئی بھی آئینہ نہ ہو
لوگ کہتے ہیں ابھی تک ہے وہ سرگرم سفر
مجھ کو اندیشہ کہیں وہ راہ میں سویا نہ ہو
مجھ کو اے منظورؔ یوں محسوس ہوتا ہے کبھی
جیسے سب اپنے ہوں جیسے کوئی بھی اپنا نہ ہو