پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حکیم انوار محمد خاں کامل کی غزلیں — Hakeem Anwar Mohammad Khan Kamil Ghazals

حکیم انوار محمد خاں کامل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عرض کرتا ہوں مانیے واعظ (غزل)

عرض کرتا ہوں مانیے واعظ

ورنہ پھر آپ جانیے واعظ

کیسی لذت ہے مے میں پوشیدہ

پی کے تھوڑی سی دیکھیے واعظ

گو ملے گی شراب جنت میں

کون امید پر جیے واعظ

ہے یقیں بخش دے گا ہم کو خدا

کام اچھے بھی کچھ کیے واعظ

دیکھنا میکدے میں آیا ہے

ساتھ ایک شوخ کو لیے واعظ

واقعی آپ نے بھی کی توبہ

کہیں ایسا نہ کیجئے واعظ

دل میں کاملؔ کے رہ گئی حسرت

ہو گئے تنگ قافیے واعظ

شاید کسی نے آپ سے یہ کہہ دیا غلط (غزل)

شاید کسی نے آپ سے یہ کہہ دیا غلط

ممکن ہے آپ ہی نے کہیں سن لیا غلط

واللہ اب بھی آپ کا میں جاں نثار ہوں

میں اور آپ ہی سے کہوں گا بھلا غلط

مدت کے بعد آج نظر آئے شکر ہے

دیکھا یہ جب سے تم کو مرا غم ہوا غلط

ہم کو نہیں ہے واسطہ کچھ عشق سے ولے

چرچا کسی نے کر دیا ہے جا بجا غلط

جاتے تھے گھر رقیب کے پر آ گئے یہاں

ان کو بتا دیا ہے کسی نے پتا غلط

ہم نے سنا کہ حضرت کاملؔ گزر گئے

ہے آرزو کہ نکلے خبر یا خدا غلط