حفیظ اللہ خان بدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ یہ زمین ہے اپنی نہ آسماں اپنا (غزل)
نہ یہ زمین ہے اپنی نہ آسماں اپنا
الگ بنائیں ہم اپنے لئے جہاں اپنا
خیال شکوۂ زنداں کسے اے باد چمن
نہیں بہار سے کم موسم خزاں اپنا
چمن کا لطف ہی کیا جب کہ بال و پر نہ رہے
بنا لیا ہے قفس ہی کو آشیاں اپنا
ہیں سخت جان ہم ان کی کلائیاں نازک
یہ امتحان ہے ان کا کہ امتحان اپنا
ہے زندگی بھی یہی لطف زندگی بھی یہی
خدا کرے کہ نہ ہو ختم امتحان اپنا
یہ زخم ہائے غم محبت یہ داغ ہائے غم زمانہ (غزل)
یہ زخم ہائے غم محبت یہ داغ ہائے غم زمانہ
انہیں چراغوں کے دم سے روشن رہا ہے دل کا غریب خانہ
وہ فتنے جاگ اٹھے آنکھ ملتے وہ زلزلے لے رہے ہیں کروٹ
ذرا تصور میں آ گیا تھا خیال تعمیر آشیانہ
کبھی شکایت کہ بے وفا ہوں کبھی خفا عرض مدعا پر
مرے ستانے کو مل ہی جاتا ہے آپ کو کچھ نہ کچھ بہانہ
انہیں پہ ہے لطف برق و باراں کرم انہیں پر ہے باغباں کا
مرے نشیمن کے چار تنکے ہیں مرکز گردش زمانہ
یہ کہنہ سالی میں بدرؔ تم کو غزل سرائی کی خوب سوجھی
نہ اب وہ رنگینیٔ تخیل نہ اب وہ جذبات شاعرانہ