پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حافظ لدھیانوی کی غزلیں — Hafiz Ludhiyanvi Ghazals

حافظ لدھیانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر شعر غزل کا کہہ رہا ہے (غزل)

ہر شعر غزل کا کہہ رہا ہے

تجھ کو بھی بچھڑ کے دکھ ہوا ہے

ہے شعلۂ جاں میں یاد تیری

کیا آگ میں پھول کھل رہا ہے

خورشید سحر طلوع ہو کر

شبنم کا مزاج پوچھتا ہے

کیا اس کو بتاؤں ہجر کے غم

جس پر مرا حال آئنہ ہے

میں کس سے کہوں فسانۂ غم

ہر ایک کا دل دکھا ہوا ہے

کیوں آ گئی درمیان دنیا

یہ تیرا مرا معاملہ ہے

کیا پاؤ گے بت سے فیض حافظؔ

پتھر بھی کہیں خدا بنا ہے

یارائے گفتگو نہیں آنکھوں میں دم نہیں (غزل)

یارائے گفتگو نہیں آنکھوں میں دم نہیں

یہ خامشی بھی عرض تمنا سے کم نہیں

ویران کس قدر ہے گزر‌ گاہ آرزو

اس رہ گزر میں کوئی بھی نقش قدم نہیں

قائم رہی جنوں میں بھی اک وضع احتیاط

دل خون ہو گیا ہے مگر آنکھ نم نہیں

دل ہے جمال یار کی لذت سے فیضیاب

اس آئنہ میں کوئی بھی تصویر غم نہیں

حافظؔ اک اضطراب مسلسل ہے زندگی

اس منزل وفا میں کہیں پیچ و خم نہیں