گستاخ رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بتاؤں تجھے ہمدم مری حالت کیا ہے (غزل)
کیا بتاؤں تجھے ہمدم مری حالت کیا ہے
تو تو واقف ہے کہ اس شوخ کی عادت کیا ہے
ہائے وہ وصل کی شب دست درازی میری
اس کا کہنا کہ ٹھہر جا ابھی آفت کیا ہے
مجھ سے وہ کہتے ہیں انصاف سے تم ہی کہہ دو
زر نہ ہو پاس تو الفت کی ضرورت کیا ہے
لاکھوں عاشق ہیں زمانے میں ہزاروں دلبر
آپ کو میری مجھے آپ کی حاجت کیا ہے
ہم تو اس قول پہ کرتے ہیں عمل اے گستاخؔ
جو حسینوں میں نہ ہو صرف وہ دولت کیا ہے
ہمارے واسطے کوئی مسیحا ہو نہیں سکتا (غزل)
ہمارے واسطے کوئی مسیحا ہو نہیں سکتا
ترا بیمار عیسیٰ سے بھی اچھا ہو نہیں سکتا
وہ کیسے لوگ ہیں جو دوسروں پر تکیہ کرتے ہیں
ہمیں تو اپنے دل پر بھی بھروسا ہو نہیں سکتا
نظر بازی سے ڈرتے ہو تو میرے دل میں آ بیٹھو
کہ اس پردے سے بہتر اور پردا ہو نہیں سکتا
لیا ہے دل مرا اس نے وہ مجھ کو پھیر دے بے شک
مگر میں کیا کروں مجھ سے تقاضا ہو نہیں سکتا
وہی قاتل سہی اور خون بھی ناحق سہی میرا
مگر مجھ سے تو اے گستاخؔ دعویٰ ہو نہیں سکتا