پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گوپال داس نیرج کی غزلیں — Gopaldas Neeraj Ghazals

گوپال داس نیرج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تو مذہب کوئی ایسا بھی چلایا جائے (غزل)

اب تو مذہب کوئی ایسا بھی چلایا جائے

جس میں انسان کو انسان بنایا جائے

جس کی خوشبو سے مہک جائے پڑوسی کا بھی گھر

پھول اس قسم کا ہر سمت کھلایا جائے

آگ بہتی ہے یہاں گنگا میں جھیلم میں بھی

کوئی بتلائے کہاں جا کے نہایا جائے

پیار کا خون ہوا کیوں یہ سمجھنے کے لیے

ہر اندھیرے کو اجالے میں بلایا جائے

میرے دکھ درد کا تجھ پر ہو اثر کچھ ایسا

میں رہوں بھوکا تو تجھ سے بھی نہ کھایا جائے

جسم دو ہو کے بھی دل ایک ہوں اپنے ایسے

میرا آنسو تیری پلکوں سے اٹھایا جائے

گیت انمن ہے غزل چپ ہے رباعی ہے دکھی

ایسے ماحول میں نیرجؔ کو بلایا جائے

جتنا کم سامان رہے گا (غزل)

جتنا کم سامان رہے گا

اتنا سفر آسان رہے گا

جتنی بھاری گٹھری ہوگی

اتنا تو حیران رہے گا

اس سے ملنا نا ممکن ہے

جب تک خود کا دھیان رہے گا

ہاتھ ملیں اور دل نہ ملیں

ایسے میں نقصان رہے گا

جب تک مندر اور مسجد ہیں

مشکل میں انسان رہے گا

نیرجؔ تو کل یہاں نہ ہوگا

اس کا گیت ودھان رہے گا