پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام دستگیر شرر کی غزلیں — Ghulam Dastageer Sharar Ghazals

غلام دستگیر شرر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے خبر ہو کے بھی خبر رکھنا (غزل)

بے خبر ہو کے بھی خبر رکھنا

اپنی غفلت پہ خود نظر رکھنا

رنجشیں لاکھ دل میں ہوں تیرے

گفتگو پھر بھی معتبر رکھنا

زندگی ایک چیز ہے انمول

اس کو بے حد سنبھال کر رکھنا

خوف کھانا نہ دشمنوں سے تم

دوستوں پر مگر نظر رکھنا

کس کو مہلت ہے بات سننے کی

اپنی روداد مختصر رکھنا

یوں تو ہے اختیار میں سب کچھ

دل پہ قابو شررؔ مگر رکھنا

ہنسی نصیب نہیں ہے خوشی نصیب نہیں (غزل)

ہنسی نصیب نہیں ہے خوشی نصیب نہیں

وہ جب سے روٹھ گئے زندگی نصیب نہیں

ہر ایک گل ہے پریشاں ہر اک کلی ہے اداس

بہار میں بھی انہیں تازگی نصیب نہیں

نظر کے سامنے ہے ان کا سنگ در پھر بھی

مری جبیں کو مگر بندگی نصیب نہیں

پلا رہا ہوں ہزاروں کو اپنے ہاتھوں سے

ہوں میکدے میں مگر مے کشی نصیب نہیں

سکون کہتے ہیں کس کو قرار کیا شے ہے

تمہارے بعد مجھے ایک بھی نصیب نہیں

میں چاہتا ہوں شررؔ تجھ کو دیکھ لوں اک بار

نہ جانے کیوں ترا دیدار بھی نصیب نہیں

مزید غزلیں از غلام دستگیر شرر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں