غلام احمد علمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محفل عشق کا دیا ہوں میں (غزل)
محفل عشق کا دیا ہوں میں
تند جھونکوں میں جل رہا ہوں میں
لوگ اس طرح مجھ سے بچتے ہیں
وقت کا جیسے حادثہ ہوں میں
میرا چہرہ بھی تیرا چہرہ ہے
غور سے دیکھ آئنہ ہوں میں
اس قدر سہل مت سمجھ مجھ کو
ایک پیچیدہ مسئلہ ہوں میں
فیصلہ ہو چکا ہے روز ازل
زندگی جرم ہے سزا ہوں میں
میرا قبضہ ہے ان سفینوں پر
تو خدا ہے تو ناخدا ہوں میں
سنگ ریزہ سہی مگر علمیؔ
عرش سے ٹوٹ کر گرا ہوں میں
ہر سمت تیرگی ہے نشیمن جلائیں ہم (غزل)
ہر سمت تیرگی ہے نشیمن جلائیں ہم
صحن چمن میں جشن چراغاں منائیں ہم
داغوں سے دل کے درد کا سورج اگائیں ہم
ہر شام زندگی کو درخشاں بنائیں ہم
بچھڑے تھے جس مقام سے مل جاؤ پھر وہیں
راہیں بدل گئی ہیں تمہیں بھی دکھائیں ہم
ہم نے کس اہتمام سے کاٹی ہے زندگی
اے انقلاب وقت تجھے کیا بتائیں ہم
یہ سلسلہ ازل سے ابد تک دراز ہے
کب تک سنو گے اور کہاں تک سنائیں ہم
مزید غزلیں از غلام احمد علمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں