پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غضنفر ہاشمی کی غزلیں — Ghazanfar Hashmi Ghazals

غضنفر ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سخن کا لہجہ گمان خانے میں رہ گیا ہے (غزل)

سخن کا لہجہ گمان خانے میں رہ گیا ہے

مرا زمانہ کسی زمانے میں رہ گیا ہے

جو تجھ کو جانا ہے اس اندھیرے میں ہی چلا جا

بس ایک لمحہ دیا جلانے میں رہ گیا ہے

ابھی تہی دست مجھ کو مت جان اے زمانے

کہ ایک آنسو مرے خزانے میں رہ گیا ہے

کبھی جو حکم سفر ہوا تو کھلا یہ مجھ پر

جو پر سلامت تھا آشیانے میں رہ گیا ہے

عجب طرح کا ادھوراپن ہے مرے بیاں میں

سو میرا قصہ کہیں سنانے میں رہ گیا ہے

بہت ضروری تھا خود سے ملنا مگر غضنفرؔ

یہ کار دنیا کے تانے بانے میں رہ گیا ہے

بے چہرگیٔ عمر خجالت بھی بہت ہے (غزل)

بے چہرگیٔ عمر خجالت بھی بہت ہے

اس دشت میں گرداب کی صورت بھی بہت ہے

آنکھیں جو لیے پھرتا ہوں اے خواب مسلسل!

میرے لیے یہ کار اذیت بھی بہت ہے

تم زاد سفر اتنا اٹھاؤ گے کہاں تک

اسباب میں اک رنج مسافت بھی بہت ہے

دو سانس بھی ہو جائیں بہم حبس بدن میں

اے عمر رواں اتنی کرامت بھی بہت ہے

کچھ اجرت ہستی بھی نہیں اپنے مطابق

کچھ کار تنفس میں مشقت بھی بہت ہے

اب موت مجھے مار کے کیا دے گی غضنفرؔ

آنکھوں کو تو یہ عالم حیرت بھی بہت ہے

مزید غزلیں از غضنفر ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں