پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گوہر سیما کی غزلیں — Gauhar Seema Ghazals

گوہر سیما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا اب کسی کی آرزو یا جستجو کریں (غزل)

کیا اب کسی کی آرزو یا جستجو کریں

اب خود سے ہی سوال کریں گفتگو کریں

کوئی تو کام ایسا کریں زندگی میں ہم

کچھ اپنے والدین کو بھی سرخ رو کریں

ڈالیں نظر ہم اپنے بھی عیبوں پہ دوستوں

جب آئنے کو اپنے کبھی روبرو کریں

قدرت کے کارناموں میں ہے کتنی دل کشی

لگتا ہے بارشوں میں کہ پتے وضو کریں

اب ختم کر دے زندگی سانسوں کا سلسلہ

ہم اپنی خواہشوں کا کہاں تک لہو کریں

چلو دنیا میں مہکائیں محبت (غزل)

چلو دنیا میں مہکائیں محبت

بشر کو آؤ سکھلائیں محبت

کریں مسمار دیواریں انا کی

زمیں پر مل کے پھیلائیں محبت

ہوئی ہے گم کہیں یہ وحشتوں میں

چلو اب ڈھونڈ کر لائیں محبت

خزاں سی چھا گئی نفرت کی ہر سو

چمن میں پھر سے بکھرائیں محبت

بہت مشکل سفر ہے عشق یارو

کہاں تک سب کو سمجھائیں محبت

مزید غزلیں از گوہر سیما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں