پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاضل فیض بھوپالی کی غزلیں — Fazil Faiz Bhopali Ghazals

فاضل فیض بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاتھ راضی ہوں ملانے کے لیے (غزل)

ہاتھ راضی ہوں ملانے کے لیے

رنجشیں دل سے مٹانے کے لیے

اس کو تنہائی رلائے گی بہت

جو ہے مصروف زمانے کے لیے

اپنی نظروں میں گرے ہیں ہم خود

کون آئے گا اٹھانے کے لیے

دل تو کرتا ہے بہانوں کی تلاش

خود کو بے داغ بتانے کے لیے

زاویے کچھ تو نئے لائیں گے

ان چھوئے ہم ہیں زمانے کے لیے

آئنہ دیکھ کے آنا یارو

آئنہ مجھ کو دکھانے کے لیے

اس نے دیکھا مرے دل کی جانب

ایک محفوظ ٹھکانے کے لیے

فیضؔ بے فیض نہ سمجھو اس کو

ہیں بہت کام دیوانے کے لیے

آ نہ جانا بات میں شیطان کی (غزل)

آ نہ جانا بات میں شیطان کی

یاد رکھنا حشر کے میدان کی

باغ دل کا تذکرہ کچھ یوں ہوا

بات جیسے ہو کسی شمشان کی

گھر سے برکت اس لیے بھی اٹھ گئی

قدر کر پائے نہ دستر خوان کی

کہہ نہیں سکتا مکمل جو غزل

وہ بھی تیاری میں ہے دیوان کی

میں تو کب کا مر چکا ہوں دوستو

یہ صدا ہے دفن کے اعلان کی

ہم نے دیکھا پتھروں کو ٹوٹتے

ہم نے چیخیں بھی سنیں چٹان کی

فیضؔ کر دو کل ادا قرض وفا

آخری تاریخ ہے بھگتان کی

مزید غزلیں از فاضل فیض بھوپالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں