فضل حق عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مال و دولت نہ لعل و گہر چاہئے (غزل)
مال و دولت نہ لعل و گہر چاہئے
مدعا کے لئے چشم تر چاہئے
میرے شیشے میں مے ہو نہ ہو غم نہیں
مجھ پہ ساقی تری بس نظر چاہئے
اس جہاں میں رہے مجھ کو جینے کا حق
بس عنایت تری اس قدر چاہئے
ہر طرف راہزن ہیں مری راہ میں
مجھ کو تجھ سا کوئی راہبر چاہئے
جس تصور میں شاہدؔ رہے آج تک
وہ تصور انہیں عمر بھر چاہئے
وہ وعدے پہ وعدے کئے جا رہے ہیں (غزل)
وہ وعدے پہ وعدے کئے جا رہے ہیں
امیدوں پہ ہم بھی جئے جا رہے ہیں
گریباں کی دھجی کسی نے نہ دیکھی
مگر لب کھلے تو سیے جا رہے ہیں
گلہ ہی سہی کم سے کم اس بہانے
مجھے یاد تو وہ کئے جا رہے ہیں
سمجھنا نہ واعظ اسے بادہ نوشی
دوا ہوش کی ہم پئے جا رہے ہیں
ابھی دن نہیں وہ کہ توبہ کریں ہم
ابھی فصل گل ہے پئے جا رہے ہیں
خدا خیر کر اب مرے دل کو بھی وہ
کھلونا سمجھ کر لئے جا رہے ہیں
جدائی کا غم وہ نہیں سہہ سکیں گے
اسی غم میں شاہدؔ جئے جا رہے ہیں
زندہ باد اے وطن زندہ باد اے وطن (نظم)
زندہ باد اے وطن زندہ باد اے وطن
تجھ سے آباد ہے زندگی کا چمن
تیرے اتر ہمالہ ترا پاسباں
تیرے دکھن میں ہے ہند ساگر رواں
تیرے پورب میں ہے دیش بنگلہ جواں
تیرے پچھم بحیرہ عرب نگہباں
تیری دھرتی پہ بہتی رہی گنگ و جمن
تیرے سانچے میں گوتم سا انساں ڈھلا
تیری دھرتی پہ نانک بھی پیدا ہوا
تیری آغوش میں مرلی والا پلا
تیرے گلشن میں اسلام پھولا پھلا
تیرے پہلو میں سب ہی رہے ہیں مگن
تجھ پہ بہتوں نے آ کر حکومت بھی کی
سیکڑوں نے بلا وجہ نفرت بھی کی
کچھ تو وہ تھے جنہوں نے شرارت بھی کی
ہیں کروڑوں جنہوں نے محبت بھی کی
تجھ پہ قربان کیوں کر نہ ہو جان و تن
تو بھگت سنگھ کی آنکھوں کا تارا بنا
ٹیپو سلطان کا تو دلارا بنا
بوس کا ہر قدم پر سہارا بنا
تو محمد علی کا بھی پیارا بنا
جان دی پر کسی نے نہ توڑا وچن
گود لینا سدا تیری ریتی رہی
پنج شیل آج تک تیری نیتی رہی
تجھ سے سچائی دنیا میں جیتی رہی
تجھ سے ناگن سدا دودھ پیتی رہی
تجھ سے سیکھا اہنسا کا سب نے چلن
تجھ پہ گاندھی جواہر نے رکھی نظر
تیری حسرتؔ تلکؔ نے سدا لی خبر
جان دے کے ہوئے تجھ پہ لاکھوں امر
اندرا نے سنوارا تھا تجھ کو مگر
سب نے مل کر بنایا ہے تجھ کو دلہن