پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فواد احمد کی غزلیں — Fawad Ahmad Ghazals

فواد احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کی گلی میں ظرف سے بڑھ کر ملا مجھے (غزل)

اس کی گلی میں ظرف سے بڑھ کر ملا مجھے

اک پیالہ جستجو تھی سمندر ملا مجھے

میں چل پڑا تھا اور کسی شاہراہ پر

خنجر بہ دست یادوں کا لشکر ملا مجھے

دریائے شب سے پار اترنا محال تھا

ٹوٹا ہوا سفینۂ خاور ملا مجھے

تاروں میں اس کا عکس ہے پھولوں میں اس کا رنگ

میں جس طرف گیا مرا دلبر ملا مجھے

ہر ذرہ با کمال ہے ہر پتا بے مثال

دنیا میں خود سے کوئی نہ کم تر ملا مجھے

کب سے بھٹک رہا ہوں میں اس دشت میں مگر

خود سے کبھی ملا نہ ترا در ملا مجھے

ہوتا نہیں ہے تجھ پہ کسی بات کا اثر

لگتا ہے تیرے روپ میں پتھر ملا مجھے

بے کیف کٹ رہی تھی مسلسل یہ زندگی

پھر خواب میں وہ خواب سا پیکر ملا مجھے

اس بات پر کروں گا میں دن رات احتجاج

کس جرم میں یہ خاک کا بستر ملا مجھے

مجھ کو نہیں رہی کبھی منظر کی جستجو

گھر کے قریب کوئے ستم گر ملا مجھے

جب تک رہا میں خود میں بھٹکتا رہا یہاں

جب خود کو کھو دیا تو ترا در ملا مجھے

مٹی میں ڈھونڈتا ہوا کچھ بوڑھا آسماں

میں جس طرف گیا یہی منظر ملا مجھے

کرتے ہیں لوگ حسن سے یاں ناروا سلوک

روتے ہوئے ہمیشہ گل تر ملا مجھے

ان نگاہوں کو ہم آواز کیا ہے میں نے (غزل)

ان نگاہوں کو ہم آواز کیا ہے میں نے

تب کہیں گیت کا آغاز کیا ہے میں نے

ختم ہو تاکہ ستاروں کی اجارہ داری

خاک کو مائل پرواز کیا ہے میں نے

آپ کو اک نئی خفت سے بچانے کے لیے

چاندنی کو نظر انداز کیا ہے میں نے

آسمانوں کی طرف اور نہیں دیکھوں گا

اک نئے دور کا آغاز کیا ہے میں نے

روٹھے لوگوں کو منانے میں مزہ آتا ہے

جان کر آپ کو ناراض کیا ہے میں نے

تم مجھے چھوڑ کے اس طرح نہیں جا سکتے

اس تعلق پہ بہت ناز کیا ہے میں نے

وہ جو صدیوں سے یہاں بند پڑا تھا دیکھو

شاعری کا وہی در باز کیا ہے میں نے

سن کے مبہوت ہوئی جاتی ہے دنیا ساری

شعر لکھے ہیں کہ اعجاز کیا ہے میں نے

عشق میں نام کمانا کوئی آسان نہ تھا

سارے احباب کو ناراض کیا ہے میں نے

صرف لوگوں کو بتانے سے تسلی نہ ہوئی

چاند تاروں کو بھی ہم راز کیا ہے میں نے

اور بھی ہوں گے کئی چاہنے والے لیکن

آپ کے نام کو ممتاز کیا ہے میں نے

آسمانوں سے پرے کرتا ہے اب جا کے شکار

طائر دل کو وہ شہباز کیا ہے میں نے

شاعروں سے جو ترے بعد کبھی ہو نہ سکا

کام وہ حافظ شیراز کیا ہے میں نے

مزید غزلیں از فواد احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں