فوزیہ مغل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم سے مل کر یہ لگا خود سے ملاقات ہوئی (غزل)
تم سے مل کر یہ لگا خود سے ملاقات ہوئی
آج یہ باب محبت میں نئی بات ہوئی
اب نہ پہلی سی توجہ نہ وہ پہلا سا سلوک
ختم اب جیسے ہر اک رسم مراعات ہوئی
چھٹ گئے سر سے مرے رنج و الم کے بادل
رات بھر آنکھوں سے اشکوں کی وہ برسات ہوئی
ہم مسافر تھے رہ عشق کے یا خانہ بدوش
دن کہیں ہم نے گزارا تو کہیں رات ہوئی
ہم سے انسانوں کی اس عالم ہستی میں بھلا
کس کو معلوم ہے کیسے بسر اوقات ہوئی
آخری وقت میں وہ آئے ہیں پرسش کو مری
فصل جاں سوکھ گئی اپنی تو برسات ہوئی
فوزیہؔ مل ہی گئی منزل مقصود ہمیں
شکر ہے گردش ایام کو بھی مات ہوئی
کوئی دل بھی نفرت سے خالی نہیں ہے (غزل)
کوئی دل بھی نفرت سے خالی نہیں ہے
خدا تیری دنیا مثالی نہیں ہے
اذانوں کی رسمیں ادا ہو رہی ہیں
مگر ان میں جوش بلالی نہیں ہے
مرے عہد کے عالموں کی نہ پوچھو
کوئی بھی تو ان میں غزالی نہیں ہے
چمن جو محبت کا سوکھا پڑا ہے
یہ وہ باغ ہے جس کا مالی نہیں ہے
حقیقت ہے رنگ سخن میں نمایاں
مری شاعری تو خیالی نہیں ہے
یوںہی دیکھوں جو راکھی کو تو یہ رنگین ڈورا ہے (نظم)
یوںہی دیکھوں جو راکھی کو تو یہ رنگین ڈورا ہے
جو دیکھوں غور سے اس کو تو ہے زنجیر لوہے کی
جو بڑھ کر قید کر لیتی ہے آفت اپنے بھائی کی
مصیبت کی حقیقت کیا
مصیبت آ نہیں سکتی
مصیبت کانپ جاتی ہے
جو راکھی دیکھ لیتی ہے
کسی بھائی کے ہاتھ میں
راکھی کے دھاگے میں
بہن نے پیار باندھا ہے
اتہاس میں راکھی ہے رشتہ بھائی بہنوں کا
حوالہ اس میں پوشیدہ ہے صدیوں کے رشتوں کا
بندھا ہے پیار اس میں بہن کا
اور اس کے پرکھوں کا
راکھی
نبھانا لاج راکھی کی مرے بھیا
بہن کا مان رکھ لینا
بندھا کر ہاتھ میں راکھی بہن سے
ہر کوئی بھائی
بہن کے سکھ کے واسطے
تیار ہو جاتا ہے مرنے کو
مگر بھیا
تمہاری زندگی تو
بہن کو دل سے پیاری ہے
سلامت تم رہو
بھگوان سے بنتی ہماری ہے
جو چاہو نیگ تم دینا
تو مجھ کو یہ وچن دے دو
نہ اٹھے پھر کوئی دیوار نفرت کی
بہن بھائی کے آنگن میں
نہیں بیوپار کچھ اس میں
یہ اک ویہوار ہے بھیا
نہیں ہے کچا یہ ڈورا
ترا اعتبار ہے بھیا