پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحانہ عنبر کی غزلیں — Farhana Ambar Ghazals

فرحانہ عنبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حوصلہ ہے نڈھال مفلس کا (غزل)

حوصلہ ہے نڈھال مفلس کا

ایک روٹی سوال مفلس کا

بھوک کی تیز دھوپ چاٹ گئی

سارا حسن و جمال مفلس کا

شاہ رقص و سرور میں گم ہے

کون رکھے خیال مفلس کا

زندگی کچھ تو چلتی سانسوں سے

رابطہ کر بحال مفلس کا

تم کو مسند عزیز ہے تو پھر

پوچھ لو آ کے حال مفلس کا

مفلسی سے نبھائے جاتا ہے

دیکھ لیجے کمال مفلس کا

رشک آتا ہے دیکھ کر عنبرؔ

حوصلہ بے مثال مفلس کا

بچھڑنے کا اشارا کر رہے ہیں (غزل)

بچھڑنے کا اشارا کر رہے ہیں

کنارے بھی کنارہ کر رہے ہیں

ہماری آنکھ سے منظر چرا کر

جہاں والے نظارہ کر رہے ہیں

تمہارے بن کہاں کٹتا ہے جیون

فقط ہم تو گزارا کر رہے ہیں

محبت کو اذیت کہنے والے

محبت ہی دوبارہ کر رہے ہیں

وہی چھینے گا بینائی ہماری

جسے آنکھوں کا تارا کر رہے ہیں

وہی ہم کو گرانا چاہتا ہے

جسے اپنا سہارا کر رہے ہیں

کبھی شبنم بنا لیتے ہیں عنبرؔ

کبھی دل کو شرارہ کر رہے ہیں

مزید غزلیں از فرحانہ عنبر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں