پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحان سید کی غزلیں — Farhan Saiyed Ghazals

فرحان سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ دنیا اک گہرا سچ ہے (غزل)

یہ دنیا اک گہرا سچ ہے

لیکن پھر بھی آدھا سچ ہے

تم جھوٹے نا میں جھوٹا ہوں

سب کا اپنا اپنا سچ ہے

کچھ باتیں اس کی میٹھی ہیں

لیکن باقی سارا سچ ہے

بھوکے کا ایمان ہے روٹی

مجنوں کی بس لیلیٰ سچ ہے

ہاں طاقت کا زور بہت ہے

پر آخر میں بچتا سچ ہے

دار پہ مجھ کو لے جا بے شک

میں نے پھر بھی کہنا سچ ہے

روتی کیوں ہو عشق ہمارا

اچھا بابا اچھا سچ ہے

اس کی خاطر میں سب کچھ ہوں

مجھ کو سب سے پیارا سچ ہے

جھوٹ کے پیر نہیں ہوتے ہیں

اور مقابل اندھا سچ ہے

بات تو تیری سچ ہے سیدؔ

لیکن بے حد کڑوا سچ ہے

میں کسی اور کے گمان میں تھا (غزل)

میں کسی اور کے گمان میں تھا

میرا دشمن مری امان میں تھا

جس کا دھڑکا لگا رہا شب بھر

وہ درندہ مری مچان میں تھا

میرے لہجے میں زہر تھا شاید

پر زیادہ تمہارے کان میں تھا

بات ہونٹوں پہ رک نہیں پائی

تیر جیسے تنی کمان میں تھا

انتقاماً سنور کے آئی تھی

اک تماشا سا آن بان میں تھا

آستیں کا جو سانپ تھا سیدؔ

یہ قصیدہ اسی کی شان میں تھا

مزید غزلیں از فرحان سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں