فانی جودھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چلن اس دوغلی دنیا کا گر منظور ہو جاتا (غزل)
چلن اس دوغلی دنیا کا گر منظور ہو جاتا
وہ مجھ سے دور ہو جاتا میں اس سے دور ہو جاتا
ہنر ہاتھوں سے چکنے کا بچا کر لے گیا مجھ کو
بھروسے پاؤں کے رہتا تو میں معذور ہو جاتا
زمانے بھر کی باتوں کو اگر دل سے لگا لیتا
جہاں پہ دل دھڑکتا ہے وہاں ناسور ہو جاتا
سفر کرتے ہوئے اپنا ہٹا کر آنکھ سے پٹی
میں سنگ میل جو پڑھتا تھکن سے چور ہو جاتا
یہ فانیؔ دل کی سنتا ہے تبھی گمنام ہے اب تک
اگر یہ ذہن کی سنتا بہت مشہور ہو جاتا
دیکھ بھال کر سنبھل سنبھل کر آتے ہیں (غزل)
دیکھ بھال کر سنبھل سنبھل کر آتے ہیں
ہم تک چہرے عمر بدل کر آتے ہیں
جمے ہیں جو چہرے آنکھوں کی کوروں پہ
آؤ ان کو گیت غزل کر آتے ہیں
جب کرنیں پانی پہ دستک دیتی ہیں
لہروں پہ گرداب اچھل کر آتے ہیں
تم جیسے ہم لگنے لگیں گے ٹھہرو تو
ہم بھی اپنا خون بدل کر آتے ہیں
گلشن سے مجھ تک آنے میں ہوا کے ہاتھ
جانے کتنے پھول مسل کر آتے ہیں
فانیؔ جیسے کچھ چہرے بازاروں میں
اپنی انا ہر روز نگل کر آتے ہیں