پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Fakhira Batool کی غزلیں — Fakhira Batool Ghazals

Fakhira Batool کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق پاگل کر گیا تو کیا کرو گے سوچ لو (غزل)

عشق پاگل کر گیا تو کیا کرو گے سوچ لو

سانحہ ایسا ہوا تو کیا کرو گے سوچ لو

ساتھ اس کے ہر قدم چلنے کی عادت کس لیے

چھوڑ کر وہ چل دیا تو کیا کرو گے سوچ لو

شور باہر ہے ابھی اس واسطے خاموش ہو

شور اندر سے اٹھا تو کیا کرو گے سوچ لو

کر رہے ہو گھر نیا تعمیر اڑتی ریت پر

یہ اچانک گر گیا تو کیا کرو گے سوچ لو

لوٹ کر جانا تو ہے آخر سبھی کو اس طرف

سو برس بھی جی لیا تو کیا کرو گے سوچ لو

دھڑکنیں مدھم ہوئی جاتی ہیں اے چارہ گرو

چاک دل کا سل گیا تو کیا کرو گے سوچ لو

بند پلکوں میں ادھورے خواب بنتے ہو مگر

کوئی ان میں آ بسا تو کیا کرو گے سوچ لو

در دریچے سب مقفل کر کے بیٹھے ہو مگر

وہ اچانک آ گیا تو کیا کرو گے سوچ لو

ڈوبتے سورج کا چہرہ اور اس کا نقش پا

جب یہ منظر گم ہوا تو کیا کرو گے سوچ لو

اس کو بھولے بنا کوئی چارہ نہیں وہ ہمارا نہیں (غزل)

اس کو بھولے بنا کوئی چارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

عشق اک بار ہے یہ دوبارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

کوئی پھولوں سے خوشبو کو آ کے چنے کوئی گجرے بنے

یہ محبت ہے اس میں خسارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

نیند آنکھوں ہی آنکھوں میں کٹتی گئی پو بھی پھٹتی گئی

یاد کرتے رہے پر پکارا نہیں وہ ہمارا نہیں

کوئی شکوہ نہیں آشنائی نہیں جگ ہنسائی نہیں

بس ہمیں اس سے ملنا گوارا نہیں وہ ہمارا نہیں

ہم تو کہتے ہیں وہ بھی جلے آگ میں درد کے راگ میں

کوئی تشبیہ نہ استعارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

عشق ناشاد ہے عشق برباد ہے عشق فریاد ہے

اس سمندر کا کوئی کنارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

چاند سورج ستارے وہی آسماں کچھ نہیں درمیاں

کوئی شکوہ شکایت اشارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

بیتی یادوں کو دل سے بھلانا پڑا لوٹ جانا پڑا

اپنا اس شہر میں اب گزارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

یہ کہانی ہماری تمہاری بھی ہے آہ و زاری بھی ہے

کوئی جیتا نہیں کوئی ہارا نہیں وہ ہمارا نہیں

محبت حادثہ ہے (نظم)

محبت حادثہ ہے

حادثے سے بچ نکلنے کی

کوئی تدبیر کر لو اس سے پہلے خواب ہو جاؤ

جسے ہم حادثہ کہتے ہیں

جیون کو گھڑی بھر میں

مٹا کر خاک کرتا ہے

کوئی الزام دھرتا ہے

کبھی معذوریوں کے جال میں قیدی

بنا کر چھوڑ دیتا ہے

یہ بندھن توڑ دیتا ہے

حادثے سے بچ نکلنے کی کوئی تدبیر کر لو

اس سے پہلے خواب ہو جاؤ

مزید غزلیں از Fakhira Batool ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں