فیصل ساغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے اپنے ہی اندر چور سا محسوس ہوتا ہے (غزل)
مجھے اپنے ہی اندر چور سا محسوس ہوتا ہے
تجھے دیکھوں تو کوئی دیکھتا محسوس ہوتا ہے
تحیر کا یہ عالم ہے کہ جس کو دیکھ کر گزریں
پلٹ کے دیکھیے تو دوسرا محسوس ہوتا ہے
میں اندر سے بہت خالی ہوں لیکن تم بھی سچے ہو
کہ میرا جسم باہر سے بھرا محسوس ہوتا ہے
مرے اندر کسی شے نے بہت ہلچل مچائی ہے
جہاں بھی بیٹھتا ہوں زلزلہ محسوس ہوتا ہے
مگر اک عمر لگتی ہے یہاں تک آنے میں صاحب
جہاں نقصان میں بھی فائدہ محسوس ہوتا ہے
نہ جانے عشق کی اب کون سی منزل پہ فائز ہوں
جہاں میں ہوں وہاں فیصلؔ خدا محسوس ہوتا ہے
جو تھامتے تھے مرا ہاتھ بوڑھے ہو گئے ہیں (غزل)
جو تھامتے تھے مرا ہاتھ بوڑھے ہو گئے ہیں
تبھی تو میرے خیالات بوڑھے ہو گئے ہیں
اب اس سے بڑھ کے ہمیں اور آزمائے گا کیا
کہ چلتے چلتے ترے ساتھ بوڑھے ہو گئے ہیں
ہمارا بوجھ اٹھانے سے اب گریزاں ہیں
تمہارے ارض و سماوات بوڑھے ہو گئے ہیں
سفر مزید کریں گے تو گر پڑیں گے کہیں
کہ آتے جاتے یہ دن رات بوڑھے ہو گئے ہیں
جو میرے سر کی سفیدی پہ مسکراتے تھے
بس ایک رات رہے ساتھ بوڑھے ہو گئے ہیں
میں نسل نو کا اسے المیہ سمجھتا ہوں
شجر جواں ہیں مگر پات بوڑھے ہو گئے ہیں
تمہاری سمت سے اذن کلام ملتا نہیں
مرے لبوں پہ سوالات بوڑھے ہو گئے ہیں