پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فہمیدہ ریاض کی غزلیں — Fahmida Riaz Ghazals

فہمیدہ ریاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ پیرہن جو مری روح کا اتر نہ سکا (غزل)

یہ پیرہن جو مری روح کا اتر نہ سکا

تو نخ بہ نخ کہیں پیوست ریشۂ دل تھا

مجھے مآل سفر کا ملال کیوں کر ہو

کہ جب سفر ہی مرا فاصلوں کا دھوکا تھا

میں جب فراق کی راتوں میں اس کے ساتھ رہی

وہ پھر وصال کے لمحوں میں کیوں اکیلا تھا

وہ واسطے کی ترا درمیاں بھی کیوں آئے

خدا کے ساتھ مرا جسم کیوں نہ ہو تنہا

سراب ہوں میں تری پیاس کیا بجھاؤں گی

اس اشتیاق سے تشنہ زباں قریب نہ لا

سراب ہوں کہ بدن کی یہی شہادت ہے

ہر ایک عضو میں بہتا ہے ریت کا دریا

جو میرے لب پہ ہے شاید وہی صداقت ہے

جو میرے دل میں ہے اس حرف رایگاں پہ نہ جا

جسے میں توڑ چکی ہوں وہ روشنی کا طلسم

شعاع نور ازل کے سوا کچھ اور نہ تھا

جو مجھ میں چھپا میرا گلا گھونٹ رہا ہے (غزل)

جو مجھ میں چھپا میرا گلا گھونٹ رہا ہے

یا وہ کوئی ابلیس ہے یا میرا خدا ہے

جب سر میں نہیں عشق تو چہرے پہ چمک ہے

یہ نخل خزاں آئی تو شاداب ہوا ہے

کیا میرا زیاں ہے جو مقابل ترے آ جاؤں

یہ امر تو معلوم کہ تو مجھ سے بڑا ہے

میں بندہ و ناچار کہ سیراب نہ ہو پاؤں

اے ظاہر و موجود مرا جسم دعا ہے

ہاں اس کے تعاقب سے مرے دل میں ہے انکار

وہ شخص کسی کو نہ ملے گا نہ ملا ہے

کیوں نور ابد دل میں گزر کر نہیں پاتا

سینے کی سیاہی سے نیا حرف لکھا ہے

کچھ لوگ تمہیں سمجھائیں گے (نظم)

کچھ لوگ تمہیں سمجھائیں گے

وہ تم کو خوف دلائیں گے

جو ہے وہ بھی کھو سکتا ہے

اس راہ میں رہزن ہیں اتنے

کچھ اور یہاں ہو سکتا ہے

کچھ اور تو اکثر ہوتا ہے

پر تم جس لمحے میں زندہ ہو

یہ لمحہ تم سے زندہ ہے

یہ وقت نہیں پھر آئے گا

تم اپنی کرنی کر گزرو

جو ہوگا دیکھا جائے گا