پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اخلاق احمد اخلاق کی غزلیں — Ekhlaq Ahmad Ekhlaq Ghazals

اخلاق احمد اخلاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فلک پر جلتا بجھتا اک ستارہ تھا وہ میں تھا (غزل)

فلک پر جلتا بجھتا اک ستارہ تھا وہ میں تھا

امید و یاس کا جو شخص مارا تھا وہ میں تھا

ہمیشہ جیت کر تم سے جو ہارا تھا وہ میں تھا

وفا کا جس کے حصے میں خسارہ تھا وہ میں تھا

انا کے شہر میں جشن بلندی تھا وہ تم تھے

وہیں اک سمت ماتم کا نظارہ تھا وہ میں تھا

مجھے اب یوں نہ دیکھو میں امانت ہوں کسی کی

محبت کے دنوں میں جو تمہارا تھا وہ میں تھا

خوشی میں جو ترے ہم راہ تھا وہ تھا زمانہ

غموں کے دور میں جس کا سہارا تھا وہ میں تھا

وہ کوئی اور تھا تم بڑھ رہے تھے جس کی جانب

وہ جس نے رو کے پیچھے سے پکارا تھا وہ میں تھا

چلا تھا جب وہ میلے میں پکڑ کر ہاتھ میرا

فضا میں سب سے اونچا جو غبارہ تھا وہ میں تھا

جوانی میں بہاروں پر ترا قبضہ تھا اخلاقؔ

مگر دل پر ترے جس کا اجارہ تھا وہ میں تھا

نہیں بولو گے ہاں ہوں تو روانی ٹوٹ جائے گی (غزل)

نہیں بولو گے ہاں ہوں تو روانی ٹوٹ جائے گی

اگر تم سو گئے میری کہانی ٹوٹ جائے گی

خدا کے واسطے میرے اصولوں سے نہ کھیلو تم

یہی اک ہے بزرگوں کی نشانی ٹوٹ جائے گی

بہت مغرور ہے دریا ابھی اپنی جوانی پر

سمندر میں اترتے ہی روانی ٹوٹ جائے گی

ہماری زندگی ہے اک پتنگ اور موت آندھی ہے

بہت کمزور ہے سانسوں کی تانی ٹوٹ جائے گی

سبھی مدھ مکھیوں کو مارنے کی کیا ضرورت ہے

وہ خود ہی ہار جائیں گی جو رانی ٹوٹ جائے گی

زیادہ دل کی لاری میں غموں کا بوجھ مت لادو

مرے صبر و تحمل کی کمانی ٹوٹ جائے گی

غلط راہوں کی لذت سے ذرا بچ کر نکل ورنہ

جوانی آنے سے پہلے جوانی ٹوٹ جائے گی

انہیں لے کر مجھے اخلاقؔ شاپنگ مال جانا ہے

نہیں جاؤں گا تو سنگار دانی ٹوٹ جائے گی

مزید غزلیں از اخلاق احمد اخلاق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں