پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اعجاز قریشی کی غزلیں — Ejaz Quraishi Ghazals

اعجاز قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نام وہ میرا پکارے جا رہا تھا میں کہاں تھا (غزل)

نام وہ میرا پکارے جا رہا تھا میں کہاں تھا

حادثہ یہ خوب صورت کب ہوا تھا میں کہاں تھا

ڈھونڈھتا میں پھر رہا تھا جس کو سارے شہر بھر میں

وہ تو میرے رو بہ رو بیٹھا ہوا تھا میں کہاں تھا

میری بازی کو پلٹنے کے لئے تیار تھے سب

سامنے میرے یہ سب کچھ ہو رہا تھا میں کہاں تھا

آج وعدے سے مکرتا پھر رہا ہے چھپ رہا ہے

اس نے سب کے سامنے وعدہ کیا تھا میں کہاں تھا

غم بھلانے کے لئے سب لوگ بیٹھے تھے وہاں پر

میرے جیسوں کے لئے ہی میکدہ تھا میں کہاں تھا

اب نہ شاید مل سکیں اک دوسرے سے یوں کبھی ہم

جاتے جاتے اس نے مجھ سے یہ کہا تھا میں کہاں تھا

میرا دامن کیوں رہا اعجازؔ خالی رحمتوں سے

جھولیاں اللہ سب کی بھر رہا تھا میں کہاں تھا

جانے ایسی ٹھان کر بیٹھا ہے کیا میرے لئے (غزل)

جانے ایسی ٹھان کر بیٹھا ہے کیا میرے لئے

آج مانگے جا رہا ہے وہ دعا میرے لئے

مضطرب دل کو مرے آرام آ ہی جائے گا

کیجئے تجویز کوئی تو دوا میرے لئے

میری قسمت میں تو لکھے ہیں غموں کے سلسلے

خوش رہا کر تو نہ اپنا دل دکھا میرے لئے

حسن کی تابانیوں کو میں بھی تو دیکھوں ذرا

تو رخ زیبا سے یہ پردہ ہٹا میرے لئے

بھول جاتا ہوں سبھی کچھ یاد رہتا کچھ نہیں

بن گیا ہے ایک یہ بھی مسئلہ میرے لئے

ہجر آنسو مے کشی رنج و الم آہ و فغاں

یا الٰہی کیا یہی کچھ رہ گیا میرے لئے

سنگ دل مشہور تھا جو شہر بھر میں دوستو

مجھ کو حیرت ہے کہ وہ بھی رو پڑا میرے لئے

یہ قیامت کے مجھے آثار لگتے ہیں میاں

چلتے چلتے وہ اچانک رک گیا میرے لئے

تنگیٔ دامن سے میں اعجازؔ گھبرایا نہیں

کھول دے گا اور دروازے خدا میرے لئے

آج ساقی دیکھ کر اعجازؔ میری تشنگی

جام و ساغر لے کے گھر میں آ گیا میرے لئے

مزید غزلیں از اعجاز قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں