پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چمن لال چمن کی غزلیں — Chaman Lal Chaman Ghazals

چمن لال چمن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم سے یوں بے رخی سے ملتے ہیں (غزل)

ہم سے یوں بے رخی سے ملتے ہیں

جس طرح ہر کسی سے ملتے ہیں

لب ترے پنکھڑی سے ملتے ہیں

بول اک راگنی سے ملتے ہیں

یہ شہر پتھروں کا جنگل ہے

آشنا اجنبی سے ملتے ہیں

جن کا مقصد فریب ہوتا ہے

وہ بڑی سادگی سے ملتے ہیں

موت آئے گی اس سے مل لیں گے

اب چلو زندگی سے ملتے ہیں

جب سے بیٹھے ہیں دل لگا کے چمنؔ

آج کل کم کسی سے ملتے ہیں

ہلکی ہلکی بوندیں برسیں پنچھی کریں کلول (غزل)

ہلکی ہلکی بوندیں برسیں پنچھی کریں کلول

اس رت میں ہیں امرت سے بھی میٹھے پی کے بول

جس دن ان سے ملن ہوا تھا جیون میں رس برسا

اب برہا نے جیون رس میں زہر دیا ہے گھول

مہنگائی میں ہر اک شے کے دام ہوئے ہیں دونے

مجبوری میں بکے جوانی دو کوڑی کے مول

پریم نگر کی سمت چلا ہے کویتا کا اک راہی

من میں آشا دیپ جلا کر گھونگھٹ کے پٹ کھول

جس دن محشر برپا ہوگا کھل جائیں گی آنکھیں

عقل کے اندھے گانٹھ کے پورے من کی آنکھیں کھول

وقت سحر ہے اور چمن میں شبنم چمکے ایسے

جیسے کرنوں کے دھاگوں میں موتی ہوں انمول

مزید غزلیں از چمن لال چمن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں