پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بوٹا خان راجس کی غزلیں — Buta Khan Rajas Ghazals

بوٹا خان راجس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حق بات پہ مرتا ہوں تو مرنے نہیں دیتے (غزل)

حق بات پہ مرتا ہوں تو مرنے نہیں دیتے

یہ اہل جہاں کچھ بھی تو کرنے نہیں دیتے

اس پار کی باتیں تو بہت کرتے ہیں لیکن

کشتی کوئی اس پار اترنے نہیں دیتے

ہر جرم مرے نام کیے جاتے ہیں لیکن

خود پر کوئی الزام وہ دھرنے نہیں دیتے

ہے فکر انہیں مر کے بھی میں زندہ رہوں گا

یہ سوچ کے ظالم مجھے مرنے نہیں دیتے

اس دہر کے مقتل میں بپا ظلم ہے ایسا

مظلوم کو فریاد بھی کرنے نہیں دیتے

منزل ہے کڑی ایسی کڑی بھی تو نہیں ہے

وہ راہنما ہیں کہ گزرنے نہیں دیتے

راجسؔ انہیں دعویٰ ہے بہت چارہ گری کا

رستے ہوئے زخموں کو جو بھرنے نہیں دیتے

جو لوگ اجالے کا سب کو پیغام سنانے آتے ہیں (غزل)

جو لوگ اجالے کا سب کو پیغام سنانے آتے ہیں

ان شب زادوں کی نگری میں وہ سولی پر چڑھ جاتے ہیں

اے میرے خدا کچھ تو ہی بتا یہ دور الم کب گزرے گا

اس بستی میں تو مصنف بھی سچ کہنے سے گھبراتے ہیں

اس دنیا میں اپنی خاطر اک لمحہ بھی خوشیوں کا نہیں

فریاد کہ بس اب ہم ہی ہیں جو رنج پہ رنج اٹھاتے ہیں

اس شہر کے جتنے باسی ہیں وہ گونگے بہرے ہیں ورنہ

ان پر بھی کھلے یہ اہل قلم لکھتے ہیں یا چلاتے ہیں

اس دور کے بعد جو دور نیا دنیا میں آنے والا ہے

ہم راجسؔ چپ کی پستی میں اس دور کے نغمے گاتے ہیں

مزید غزلیں از بوٹا خان راجس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں