پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیتاب امروہوی کی غزلیں — Betab Amrohvi Ghazals

بیتاب امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج دن پر ہمیں کل رات پہ رونا آیا (غزل)

آج دن پر ہمیں کل رات پہ رونا آیا

روز بدلے ہوئے حالات پہ رونا آیا

کیا ہوا حال دل زار شب ہجر نہ پوچھ

ہم کو بے بات ہر اک بات پہ رونا آیا

ہنس دیا ناصح کم عقل مری باتوں پر

اور مجھے اس کی خرافات پہ رونا آیا

دیکھ کر حالت خستہ ترے میخانے کی

پیر مے خانہ تری ذات پہ رونا آیا

جانے کیا بک گیا میں ہائے جنوں میں بیتابؔ

جس کو بھی آیا مری بات پہ رونا آیا

بیتابؔ تو کافر ہے مسلمان نہیں ہے (غزل)

بیتابؔ تو کافر ہے مسلمان نہیں ہے

اور اس پہ ستم یہ کہ پشیمان نہیں ہے

یہ عشق کی منزل ہے ذرا سوچ سمجھ کر

یہ تجربہ اپنا ہے کہ آسان نہیں ہے

ہر بات پہ کہتے ہو جو آمین کئی بار

کیا تم کو مری بات پر ایمان نہیں ہے

وہ دل میں مرے دل کے لئے سوچ رہے ہیں

مل جائے اگر مفت تو نقصان نہیں ہے

اب تو سر بالیں مرے رؤو نہ خدارا

دیکھو تو کہ اس جسم میں اب جان نہیں ہے

ہم نشیں پوچھ نہ لندن میں مشاغل میرے (نظم)

ہم نشیں پوچھ نہ لندن میں مشاغل میرے

گویا حالات نہیں ذکر کے قابل میرے

گھر سے نکلا تھا پڑھائی کی تمنا لے کر

دل میں مچلے ہوئے ارمانوں کی دنیا لے کر

بار کرنے کا بہت جلد ارادہ کر کے

اپنے ماں باپ سے دو سال کا وعدہ کر کے

داخلہ ملنے میں لیکن جو ذرا دیر ہوئی

گویا یہ کہیے کہ تقدیر الٹ پھیر ہوئی

بور ہوتا تھا صبح و شام اکیلا گھر میں

درد رہتا تھا خیالات سے میرے سر میں

دل بہت جب غم تنہائی سے گھبراتا تھا

تو ذرا سیر گلستاں کو نکل جاتا تھا

ایک دن یوں ہی جو گلگشت چمن کو نکلا

درد سے چور مداوائے محن کو نکلا

دیکھتا کیا ہوں کہ ایک بنچ پہ چشمے کے قریں

محو نظارۂ فطرت ہے کوئی زہرہ جبیں

اس کے نزدیک میں چپکے سے وہیں بیٹھ گیا

بت شکن جیسے کوئی بت کے قریں بیٹھ گیا

بات موسم سے جو نکلی تو محبت پہ گئی

لذت وصل سے بڑھ کر غم فرقت پہ گئی

خرچ کرنے کے لیے گھر سے رقم آتی تھی

فارن ایکسچینج کے پرمٹ پہ گو کم آتی تھی

ہم پکیڈلی پہ ہر اک شام ملا کرتے تھے

بیچ بازار سر عام ملا کرتے تھے

مغربی رقص مجھے گو کہ نہیں آتا تھا

اس نے اک دن میں سکھا ڈالا مگر چا چا چا

روز کمرے میں سلو والٹز کیا کرتا تھا

میں مئے حسن کو چکھ چکھ کے پیا کرتا تھا

وہ گئی اور ملی پھر وہ گئی اور ملی

بعض اوقات بہت جلد و فی الفور ملی

اب یہ عالم ہے کہ بس خون جگر پیتا ہوں

زندگی موت سے بد تر ہے مگر جیتا ہوں

مزید غزلیں از بیتاب امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں