پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلال قمر خان کی غزلیں — Belal Qamar Khan Ghazals

بلال قمر خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں جدھر جاؤں ادھر جائے ضروری تو نہیں (غزل)

میں جدھر جاؤں ادھر جائے ضروری تو نہیں

میری خاطر وہ ٹھہر جائے ضروری تو نہیں

وقت ہر زخم کو بھر جائے ضروری تو نہیں

زندگی موت سے ڈر جائے ضروری تو نہیں

تیرا دیوانہ اگر تجھ سے بچھڑ بھی جائے

لوٹ کر اپنے وہ گھر جائے ضروری تو نہیں

پیار کا نشہ اتر سکتا ہے دل سے لیکن

نشہ دولت کا اتر جائے ضروری تو نہیں

ملک جمہور کی سرکار بدل جانے سے

اپنی تقدیر سنور جائے ضروری تو نہیں

لاکھ ہو موسم گل لاکھ بہاریں آئیں

دل کا موسم بھی نکھر جائے ضروری تو نہیں

چارہ گر لاکھ کرے زخم پہ مرہم پاشی

گھاؤ باتوں کا بھی بھر جائے ضروری تو نہیں

ساقیٔ بزم تو یوں دیکھ رہا ہے سب کو

اس کی مجھ پر بھی نظر جائے ضروری تو نہیں

اپنی مرضی سے بلالؔ آپ چلے جائیں مگر

بزم انجم میں قمرؔ جائے ضروری تو نہیں

اپنے در سے نہ کبھی مجھ کو اٹھانا جاناں (غزل)

اپنے در سے نہ کبھی مجھ کو اٹھانا جاناں

تو اگر ہے تو میسر ہے زمانہ جاناں

میں اگر شعر ہوں تم دوسرا مصرع جاناں

تم جو مل جاؤ تو ہو جاؤں گا پورا جاناں

ہم سے مت ملیے رقیبوں سے تو دوری رکھیے

ٹوٹ جائے نہ کہیں دل کا بھروسہ جاناں

جھوٹا وعدہ ہی کرو ہم تو یقیں کرتے ہیں

پھر بنا لینا نیا کوئی بہانہ جاناں

یہ گزارش ہے کہ بازاروں کی زینت نہ بنو

تم تو اچھے ہو برا ہے یہ زمانہ جاناں

تیرے آنے کہ خبر سن کے بہار آئی ہے

پھول کھل اٹھے ہیں موسم ہے سہانا جاناں

دل ابھی ٹھیک سے ٹوٹا بھی نہیں ہے میرا

ٹھیک سے توڑ کے جانا ہو تو جانا جاناں

داغ چہرے کے تو دھل جاتے ہیں لیکن اے بلالؔ

داغ دامن پہ نہ لگ جائے بچانا جاناں

مزید غزلیں از بلال قمر خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں