پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیخود بدایونی کی غزلیں — Bekhud Badayuni Ghazals

بیخود بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد دل میں کمی نہ ہو جائے (غزل)

درد دل میں کمی نہ ہو جائے

دوستی دشمنی نہ ہو جائے

تم مری دوستی کا دم نہ بھرو

آسماں مدعی نہ ہو جائے

بیٹھتا ہے ہمیشہ رندوں میں

کہیں زاہد ولی نہ ہو جائے

طالع بد وہاں بھی ساتھ نہ دے

موت بھی زندگی نہ ہو جائے

اپنی خوئے وفا سے ڈرتا ہوں

عاشقی بندگی نہ ہو جائے

کہیں بیخودؔ تمہاری خودداری

دشمن بے خودی نہ ہو جائے

حاصل اس مہ لقا کی دید نہیں (غزل)

حاصل اس مہ لقا کی دید نہیں

عید ہے اور ہم کو عید نہیں

چھیڑ دیکھو کہ خط تو لکھا ہے

میرے خط کی مگر رسید نہیں

جانتے ہوں امیدوار مجھے

ان سے یہ بھی مجھے امید نہیں

یوں ترستے ہیں مے کو گویا ہم

پیر مے خانہ کے مرید نہیں

خون ہو جائیں خاک میں مل جائیں

حضرت دل سے کچھ بعید نہیں

آؤ میرے مزار پر بھی کبھی

کشتۂ ناز کیا شہید نہیں

ہم تو مایوس ہیں مگر بیخودؔ

دل نا فہم ناامید نہیں