پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بزم انصاری کی غزلیں — Bazm Ansari Ghazals

بزم انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مانا کہ اسے ہم سے کبھی پیار نہیں تھا (غزل)

مانا کہ اسے ہم سے کبھی پیار نہیں تھا

ظالم مگر اتنا بھی دل آزار نہیں تھا

ہم جس سے توقع پہ منانے کی خفا تھے

وہ نام بھی سننے کا روادار نہیں تھا

مدہوشیٔ الفت میں عجب بے خبری تھی

دل ہوش میں آ کر بھی خبردار نہیں تھا

سوچا تھا کڑی دھوپ میں یاروں کے محل ہیں

دیکھا تو کہیں سایۂ دیوار نہیں تھا

غم اور بھی تھے یوں تو غم یار سے پہلے

ایسا بھی مگر حال دل زار نہیں تھا

یہ تلخ حقائق بھی ہیں اپنوں ہی سے منسوب

غیروں میں کوئی در پئے آزار نہیں تھا

کام ان سے پڑا بزمؔ کہ جن فتنہ گروں سے

جی بات بھی کرنے کا روادار نہیں تھا

زندگی بھر شکست کھائی ہے (غزل)

زندگی بھر شکست کھائی ہے

اب محبت سمجھ میں آئی ہے

دل کا ملنا خوشی کی بات سہی

یہ خوشی کس کو راس آئی ہے

گر ہمیں ہے جنون دیدہ وری

ان کو کیوں شوق خودنمائی ہے

ہم جدھر ہیں فقط ہے نام خدا

وہ جدھر ہیں ادھر خدائی ہے

اک ملاقات میں ہے یہ عالم

جیسے برسوں کی آشنائی ہے

بات ترک انا تک آ پہنچی

غیرت دل تری دہائی ہے

بزمؔ سمجھے تھے سرسری جس کو

وہ ملاقات رنگ لائی ہے

اے مری مونس غم اے مری پرسان مزاج (نظم)

اے مری مونس غم اے مری پرسان مزاج

تو نے افسردگئ دل کا سبب پوچھا ہے

کیا بتاؤں تجھے کس سوچ میں ہے قلب حزیں

کیا سناؤں کہ مری آنکھ نے کیا دیکھا ہے

خاک اور خون کے غم ناک مناظر توبہ

کس قدر ضبط شکن جلوہ گہہ دنیا ہے

حسرتیں خاک میں ملتی ہوئی دیکھیں کیا کیا

کتنی معصوم تمناؤں کا خوں دیکھا ہے

آہ وہ گل جو نہ تھے نیم شگفتہ بھی ہنوز

دفعتاً باد خزاں نے جنہیں آ روندا ہے

کتنا بے مایہ ہے اس دور میں انساں کا لہو

کتنا مجبور ہے انسان کبھی سوچا ہے

اک طرف گردش حالات زمانہ ہے مرے

اک طرف تیرا یہ اصرار کہ خوش رہنا ہے

شدت حس مجھے مجروح کیے جاتی ہے

زندگی ہے کہ نئے زخم دئے جاتی ہے

مزید غزلیں از بزم انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں