پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیان میرٹھی کی غزلیں — Bayan Meeruthi Ghazals

بیان میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ میں کہوں گا فلک پہ جا کر زمیں سے آیا ہوں تنگ آ کر (غزل)

یہ میں کہوں گا فلک پہ جا کر زمیں سے آیا ہوں تنگ آ کر

جو اے مسیحا تو ہے مسیحا تو کچھ مرے درد کی دوا کر

تمہارے جلوے غضب کے دیکھے تمہارے چھینٹے بلا کے پائے

لگا لگا دی بجھا بجھا کر بجھا بجھا دی لگا لگا کر

ضدیں محبت سے ایسی آئیں خیال رکھا نہ اپنے گھر کا

بتوں نے کعبہ کو مفت ڈھایا کسی کے دل کو دکھا دکھا کر

وہ شوخ بے اعتبار کافر رہا نہ تنہا گیا نہ تنہا

جو درد اٹھا اٹھا اٹھا کر تو دل کو بیٹھا بٹھا بٹھا کر

یہ زور حرمان و یاس کا ہے اثر کہاں کا مری فغاں کو

پٹک پٹک خاک پر دیا ہے فلک سے اونچا اٹھا اٹھا کر

گداز کرتے ہیں میرے دل کو وہ یوں بٹھاتے ہیں اپنا سکہ

جلی کٹی ہو رہی ہے کیا کیا عدو سے مجھ کو سنا سنا کر

سنی کسی نے صدائے طوطی نہ حالت عندلیب دیکھی

جو کور تھی اس چمن میں نرگس تو گل بھی اے ہم صفیر تھا کر

کہیں نہ زلفوں سے کھل پڑا ہو مجھے ہے اندیشہ اپنے دل کا

کہ پرزے پرزے اڑا رہا تھا عدو کوئی شے دکھا دکھا کر

وہ بت کہ دیں اس کو تو نہ گر دے تو لاکھ طوفاں اٹھا کے دھر دے

زبان پھر صاف قطع کر دے جو منہ سے نکلے خدا خدا کر

الٰہی ہنگام آمد آمد یہ کس قیامت خرام کا ہے

کھسک چلے صحن بوستاں سے تدرو و طاؤس دم دبا کر

فلک ہوا مہرباں پھرے دن شب وصال آ گئی تو اس نے

بہار‌ لطف‌ و کرم دکھا کر نقاب شرم و حیا اٹھا کر

کبھی ہنسایا کبھی رلایا کبھی رلایا کبھی ہنسایا

جھجک جھجک کر سمٹ سمٹ کر لپٹ لپٹ کر دبا دبا کر

بیاںؔ ہے وہ بادشاہ اسریٰ کہ جس کی درگاہ‌ خسروی میں

دیا زمین‌ ادب کو بوسہ فلک نے گردن جھکا جھکا کر

لہو ٹپکا کسی کی آرزو سے (غزل)

لہو ٹپکا کسی کی آرزو سے

ہماری آرزو ٹپکی لہو سے

یہ ہے کس کا سویم پوچھا عدو سے

کہ دم ہے ناک میں پھولوں کی بو سے

وہ بچہ پرورش کرتی ہے الفت

جو پیکاں پوروے کی طرح چوسے

یہ ٹوٹے گی ہوائے گل سے واعظ

مری توبہ کو کیا نسبت وضو سے

اسے کہتے ہیں قمری طوق الفت

چھری لپٹی ہوئی ہے یاں گلو سے

یہ تاثیر محبت ہے کہ ٹپکا

ہمارا خوں تمہاری گفتگو سے

وہ ہیں کیوں حسن کے پردہ پہ نازاں

یہ سیکھا ہے ہماری گفتگو سے

کیا ہے دامن محشر کو افشاں

اڑے چھینٹے یہ کس کس کے لہو سے

سنا ہے جام تھا جمشید کے پاس

ارے ساقی فقیروں کے کدو سے

وہ شرمیلی نگاہیں کہہ رہی ہیں

ہٹا دو عکس کو بھی روبرو سے

لب گل رنگ پر ہے خال مشکیں

مگس اور پھول کی پتی کو چوسے

بیاںؔ خوف گنہ سے مر چکے تھے

مگر جاں آ گئی لا تقنطو سے

مزید غزلیں از بیان میرٹھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں