بشیر فاروق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ راز کس سے بتاؤں یہ بات کس سے کہوں (غزل)
یہ راز کس سے بتاؤں یہ بات کس سے کہوں
حدیث شوق کا عنواں ہے ایک حرف جنوں
غبار راہ کو منزل کا نام دوں کیسے
خزاں کو صبح بہاراں میں کس طرح سمجھوں
جب اعتبار نہیں خود نگاہ پر اپنی
میں کم نگاہیٔ ساقی کا ذکر کیسے کروں
تمام عمر اسی انتظار میں گزری
میں ان سے حرف تمنا ابھی کہوں نہ کہوں
ادا ادا میں کسی کی پیام و شوق و طلب
نظر نظر میں کسی کی فسانہ و افسوں
نہ ہم جلیس ہی رہبر نہ ہم قدم راہی
میں کس کو خضر کہوں کس کو راز داں سمجھوں
چمن کو لوٹ رہے ہیں چمن کے رکھوالے
کوئی بتائے میں ساز بہار کیا چھیڑوں
ہم پہ الزام بے وفائی کے (غزل)
ہم پہ الزام بے وفائی کے
ہائے انداز دل ربائی کے
ان کے ہاتھ آ گئی جہانداری
وہ جو قابل نہ تھے گدائی کے
کارواں کو انہی نے لوٹا ہے
شور تھے جن کی رہنمائی کے
ہم ہیں عجز و نیاز کی تصویر
آپ پیکر ہیں خود نمائی کے
ان کے دامن بھی داغ دار ملے
جن کو دعوے تھے پارسائی کے
ہم سے پوچھو کہ کیا ہے لذت غم
ہم نے جھیلے ہیں دکھ جدائی کے
ہم نے کاٹی ہیں ہجر کی راتیں
ہم نے دیکھے ہیں دن جدائی کے
ان خدایان جبر کو فاروقؔ
زعم کتنے ہیں کبریائی کے