پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

برق کڈپوی کی غزلیں — Barq Kadapavi Ghazals

برق کڈپوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھول کی طرح مہکتے رہیے (غزل)

پھول کی طرح مہکتے رہیے

خار کی طرح کھٹکتے رہیے

ہو چکا ختم سفر پانی کا

اب خلاؤں میں بھٹکتے رہیے

جان جب تک ہے بدن میں باقی

غم کی سولی پہ لٹکتے رہیے

تیز آندھی ہے تو شاخوں کی طرح

تیز آندھی میں لچکتے رہیے

رنگ بھرنا ہے اگر پھولوں میں

خون پھولوں پہ چھڑکتے رہیے

یاد کر کے اسے تنہائی میں

رات بھر برقؔ سسکتے رہیے

ہمارے دل کو نہ چھیڑو کہ یہ وہ صحرا ہے (غزل)

ہمارے دل کو نہ چھیڑو کہ یہ وہ صحرا ہے

بہار ہے نہ جہاں کوئی پھول کھلتا ہے

وہ شخص جس کا ادھر سے کبھی گزر نہ ہوا

گلی کے موڑ پہ کیوں جانے آج بیٹھا ہے

خموش جھیل کا پانی سہی مگر اس میں

جو پھینکیے کوئی پتھر تو چیخ اٹھتا ہے

ہماری صبح جنم سورجوں کو دیتی ہے

ہماری رات کے دامن سے چاند اگتا ہے

جو دیکھیے تو ہے اک بھیڑ اپنے ساتھ لیے

جو سوچئے تو ہر اک شخص برقؔ تنہا ہے

مزید غزلیں از برق کڈپوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں