پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلوان سنگھ آذر کی غزلیں — Balwan Singh Azar Ghazals

بلوان سنگھ آذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دو قدم ساتھ کیا چلا رستہ (غزل)

دو قدم ساتھ کیا چلا رستہ

بن گیا میرا ہم نوا رستہ

بچھڑا اپنے مسافروں سے جب

کتنا مایوس ہو گیا رستہ

سب ہیں منزل کی جستجو میں یہاں

کون دیکھے برا بھلا رستہ

ایسی ہونے لگی تھکن اس کو

دن کے ڈھلتے ہی سو گیا رستہ

پھر نئی کائنات دیکھوں گا

میرے اندر اگر ملا رستہ

تو بڑا خوش نصیب ہے آذرؔ

تجھ پہ آسان ہو گیا رستہ

در امکان کھلا ہے مجھ میں (غزل)

در امکان کھلا ہے مجھ میں

پاؤں خوشبو کا پڑا ہے مجھ میں

ختم ہوتا ہی نہیں میرا سفر

کوئی تھک ہار گیا ہے مجھ میں

پھول ہی پھول نظر آتے ہیں

شوق زنجیر ہوا ہے مجھ میں

اپنی ہر سانس گراں ہے مجھ کو

جب سے بازار لگا ہے مجھ میں

روز اول سے اندھیرے میں ہوں

چاند کیوں چیخ رہا ہے مجھ میں

اپنے اندر میں سمیٹوں کیا کیا

سارا گھر بکھرا پڑا ہے مجھ میں

اک نئی جنگ لڑا ہوں خود سے

دیر تک خون بہا ہے مجھ میں

بارش (نظم)

بارش

اپنے ساتھ صرف ہریالی ہی نہیں لاتی

کچھ کیچڑ بھی لے کر آتی ہے

جو دیر تک جمع رہتا ہے ان پاؤں میں

جو کھل کر نہاتے ہیں بارش میں

اور پھر وہ پاؤں گزر جاتے ہیں

ہری بھری سندر دھرتی پر

داغ چھوڑتے ہوئے

مزید غزلیں از بلوان سنگھ آذر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں