بدیع الزماں خاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک پری کی زلفوں میں یوں پھنسا ہوا ہے چاند (غزل)
ایک پری کی زلفوں میں یوں پھنسا ہوا ہے چاند
ہم کو لگتا ہے بادل میں چھپا ہوا ہے چاند
پہلی شام نظر آیا تھا بالکل ایسا جیسے ناخن
چودہ دن میں دیکھو کتنا بڑا ہوا ہے چاند
اس نے پیڑ سے کود کے جانے کتنے غوطے کھائے
بندر کو جب لگا ندی میں گرا ہوا ہے چاند
تھوڑا سا نیچے آئے تو اس کو ہم بھی چھو لیں
بتی جیسا یہ جو اوپر جلا ہوا ہے چاند
سچ کیا ہے یہ چاند پہ جا کر کاش اک دن میں دیکھوں
سب بتلاتے ہیں پتھر کا بنا ہوا ہے چاند
مجھ کو نہیں معلوم کہ وہ کون ہے کیا ہے (غزل)
مجھ کو نہیں معلوم کہ وہ کون ہے کیا ہے
جو سائے کے مانند مرے ساتھ لگا ہے
اک اور بھی ہے جسم مرے جسم کے اندر
اک اور بھی چہرہ مرے چہرے میں چھپا ہے
مہتاب تو آئے گا نہ سیڑھی سے اتر کر
دیوانہ کس امید پہ رستے میں کھڑا ہے
ملنے کی تمنا ہے مگر اس سے ملیں کیا
جس شخص کا اس شہر میں گھر ہے نہ پتا ہے
لکھتا ہوں نئی نظم و غزل جس کے سبب میں
وہ ذوق سخن تو مجھے ورثے میں ملا ہے
میداں میں چلے آؤ تو کھل جائے یہ تم پر
کیا شام کی سرشار ہواؤں میں مزا ہے
سوچا تھا مرے ساتھ چلے گا جو سفر میں
گھر پر وہ مرا خواب حسیں چھوٹ گیا ہے
ہم میرؔ کا دیوان تھے کیا فہم پہ کھلتے
اخبار سمجھ کر ہمیں لوگوں نے پڑھا ہے
کہتے ہیں کہ اس شہر میں ہے دھوم ہماری
دیکھا ہے کسی نے نہ جہاں ہم کو سنا ہے
باہر سے کوئی آج تو خاورؔ کو پکارے
کمرے میں بہت روز سے وہ بند پڑا ہے
ایک ہیں نانی جان ہماری (نظم)
ایک ہیں نانی جان ہماری
کیا بتلائیں کتنی پیاری
ان کے منہ میں دانت نہیں ہیں
اتنی بوڑھی ہیں بیچاری
پھر بھی وہ کھایا کرتی ہیں
کوٹ کوٹ کر پان سپاری
ہوئی ہے جب سے لاحق ان کو
بلڈ پریشر کی بیماری
شور ذرا بھی ہو تو ان پر
ہوتی ہے گھبراہٹ طاری