عزیز تمنائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دہر میں اک ترے سوا کیا ہے (غزل)
دہر میں اک ترے سوا کیا ہے
تو نہیں ہے تو پھر بھلا کیا ہے
صلۂ ذوق مے کشی معلوم
ظرف کیا شے ہے حوصلہ کیا ہے
حاشیے اپنے متن ہے ان کا
محتسب پھر سزا جزا کیا ہے
پوچھتا ہوں ہر ایک سائے سے
چاندنی کا اتا پتا کیا ہے
ان کو ہے دعویٰ مسیحائی
جو نہیں جانتے شفا کیا ہے
کس لئے گردش مدام میں ہیں
آسمانوں کو یہ ہوا کیا ہے
لے اڑے گی بلند پروازی
دوستو سایۂ ہما کیا ہے
اتنی افراط ایسی محرومی
دینے والے معاملہ کیا ہے
سیل شام و سحر میں بہتے ہیں
کیا خبر زیست کیا قضا کیا ہے
ہم ہی چپ ہو گئے تمنائیؔ
دے رہا ہے کوئی صدا کیا ہے
زندگی یوں تو گزر جاتی ہے آرام کے ساتھ (غزل)
زندگی یوں تو گزر جاتی ہے آرام کے ساتھ
کشمکش سی ہے مگر گردش ایام کے ساتھ
رفعتیں دیکھتی رہ جاتی ہیں اس کی پرواز
وہ تصور کہ ہے وابستہ ترے نام کے ساتھ
مل ہی جائے گی کبھی منزل مقصود سحر
شرط یہ ہے کہ سفر کرتے رہو شام کے ساتھ
دام ہستی ہے خوش آئند بھی دل کش بھی مگر
اڑتے جاتے ہیں گرفتار اسی دام کے ساتھ
جب کسی لمحۂ دوراں کو ٹٹولا ہم نے
روئے آغاز نظر آیا ہے انجام کے ساتھ
ان روایات کو دہراتے ہیں ہم از سر نو
وہ جو منسوب ہیں صدیوں سے ترے نام کے ساتھ
حرف آئے نہ تمنائیؔ کہیں ساقی پر
آج محفل میں چلے آئے ہیں ہم جام کے ساتھ
گہری نیند میں (نظم)
گہری نیند میں
سارے عناصر بکھر گئے
بچی کھچی پونجی کو
سوا نیزے کا سورج
چاٹ گیا
مجھ سے حساب طلب کرتے ہو
میں تو ایک عظیم صفر ہوں