پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز بانو داراب وفا کی غزلیں — Aziz Bano Darab Wafa Ghazals

عزیز بانو داراب وفا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی گوکل کبھی رادھا کبھی موہن بن کے (غزل)

کبھی گوکل کبھی رادھا کبھی موہن بن کے

میں خیالوں میں بھٹکتی رہی جوگن بن کے

ہر جنم میں مجھے یادوں کے کھلونے دے کے

وہ بچھڑتا رہا مجھ سے مرا بچپن بن کے

میرے اندر کوئی تکتا رہا رستہ اس کا

میں ہمیشہ کے لئے رہ گئی چلمن بن کے

زندگی بھر میں کھلی چھت پہ کھڑی بھیگا کی

صرف اک لمحہ برستا رہا ساون بن کے

میری امیدوں سے لپٹے رہے اندیشوں کے سانپ

عمر ہر دور میں کٹتی رہی چندن بن کے

اس طرح میری کہانی سے دھواں اٹھتا ہے

جیسے سلگے کوئی ہر لفظ میں ایندھن بن کے

اپنی بیتی ہوئی رنگین جوانی دے گا (غزل)

اپنی بیتی ہوئی رنگین جوانی دے گا

مجھ کو تصویر بھی دے گا تو پرانی دے گا

چھوڑ جائے گا مرے جسم میں بکھرا کے مجھے

وقت رخصت بھی وہ اک شام سہانی دے گا

عمر بھر میں کوئی جادو کی چھڑی ڈھونڈوں گی

میری ہر رات کو پریوں کی کہانی دے گا

ہم سفر میل کا پتھر نظر آئے گا کوئی

فاصلہ پھر مجھے اس شخص کا ثانی دے گا

میرے ماتھے کی لکیروں میں اضافہ کر کے

وہ بھی ماضی کی طرح اپنی نشانی دے گا

میں نے یہ سوچ کے بوئے نہیں خوابوں کے درخت

کون جنگل میں لگے پیڑ کو پانی دے گا

مزید غزلیں از عزیز بانو داراب وفا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں