اظہر فدائی دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں تو اکثر زندگی سے ہم ملے (غزل)
یوں تو اکثر زندگی سے ہم ملے
آشنا جب ہو گئے تو کم ملے
غم ملا حسرت ملی ماتم ملے
کیا یہ جینے کے سہارے کم ملے
دوستوں کی کج ادائی کی قسم
آج اس دنیا سے اے دل ہم ملے
منتخب کی جب بھی شاخ آشیاں
برق کے تیور ہمیں برہم ملے
ہوش کی منزل ہے کتنی اجنبی
سب کے سب اظہرؔ کو نامحرم ملے
دل تھا اپنا کبھی دہشت زدہ ویرانے سے (غزل)
دل تھا اپنا کبھی دہشت زدہ ویرانے سے
آج دم گھٹتا ہے بستی کا خیال آنے سے
گو کہ اک عمر تعلق رہا میخانے سے
ہاتھ ٹوٹیں جو لگے ہوں کبھی پیمانے سے
کتنے دل ٹوٹ کے بکھرے کسے احساس ہوا
شور برپا ہوا اک جام کے گر جانے سے
میں گلستاں میں ہوں جب تک تو اندھیرے کیسے
بجلیوں کا ہے تعلق مرے کاشانے سے
تلخیاں تہمتیں دشنام زمانہ اظہرؔ
تحفتاً ہم کو ملا آپ کا کہلانے سے
مزید غزلیں از اظہر فدائی دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں