پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اظہر بخش اظہر کی غزلیں — Azhar Bakhsh Azhar Ghazals

اظہر بخش اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکاری ہیں بڑے شاطر بہانہ لے کے چلتے ہیں (غزل)

شکاری ہیں بڑے شاطر بہانہ لے کے چلتے ہیں

وہ ترچھی نظروں میں سیدھا نشانہ لے کے چلتے ہیں

ہماری میزبانی سے نہ گھبرایا کرو لوگو

ہم اپنے ساتھ اپنا آب و دانہ لے کے چلتے ہیں

ذرا پہچان کر بتلاؤ تو یہ کون ہیں کیا ہیں

کہ بادل جن کے سر پر شامیانہ لے کے چلتے ہیں

کہ ہم اہل ادب ہم کیا کریں گے ہمسری ان کی

جو اپنے ساتھ سرکاری خزانہ لے کے چلتے ہیں

سبھی کو علم ہے گو پھول ان کو کچھ نہیں کہتے

یہ بھنورے ہیں مزاج عاشقانہ لے کے چلتے ہیں

ٹھکانوں کی نہ سوچو آپ اظہرؔ گھر سے تو نکلو

پرندے ساتھ میں کب آشیانہ لے کے چلتے ہیں

ذرا سی ان بن میں روٹھ کر وہ جو دشمنوں میں ٹہل رہے ہیں (غزل)

ذرا سی ان بن میں روٹھ کر وہ جو دشمنوں میں ٹہل رہے ہیں

ابھی جو نوحہ بنے ہوئے ہیں کبھی ہماری غزل رہے ہیں

بنا بتائے چلا گیا تھا بتا کے ملنے جو آ گیا ہوں

تو روٹھ کر وہ گئے ہیں گھر میں خوشی سے چھپ کر اچھل رہے ہیں

مرض ہوا ہے محبتوں کا یہ رات کیسے کٹے گی جانے

ہماری نیندیں بھی اڑ چکی ہیں صنم بھی کروٹ بدل رہے ہیں

وکاس کی ہے عجیب سوئیٹر بنی نہ ستر برس سے اب تک

غریب بنتے ہیں جس کو ہر دن امیر جس کو اکل رہے ہیں

جو خوں بہائے بنے مسیحا جو جھوٹ بولے بنے وہ حاتم

وہ اعلیٰ قدریں کہاں گئیں سب اصول سارے بدل رہے ہیں

وہ بن کے دجال یوں اٹھا کے خدا سمجھ کر بہک گئے سب

ہے شکر کچھ کو شعور آیا ہے شکر اب کچھ سنبھل رہے ہیں

یہ سخت نفرت یہ قتل و غارت یہ مہنگی اشیا یہ جھوٹ وعدے

شکار کب تک جئے گا آخر وہ تیر کتنے بدل رہے ہیں

بہت سے دانوں ہوئے ہیں جگ میں مگر یہ اظہرؔ بڑا ہے سب سے

چھپے ہیں ڈر سے جو دیوتا ہیں عوام کے دل دہل رہے ہیں

عزم شاہینی لیے اک نوجواں سنجیو ہے (نظم)

عزم شاہینی لیے اک نوجواں سنجیو ہے

اب مری اردو کا سچا پاسباں سنجیو ہے

ریختہ کے ہو تمہیں استاد غالب آج بھی

ہاں مگر اس باغ کا اب باغباں سنجیو ہے

جس میں لاکھوں ہیں ستارے شاعری و نثر کے

اس نئی اک کہکشاں کا آسماں سنجیو ہے

خوب رو ہے خوب سیرت نرم گفتاری بھی ہے

با ادب تہذیب کا سیل رواں سنجیو ہے

وہ اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر

اب تو کتنے قافلوں کا کارواں سنجیو ہے

جس کے دل میں ذہن میں سانسوں میں ہے سارا ادب

ریختہ جیسی حسینہ کی زباں سنجیو ہے

کل وفا اردو سے اس کی سرخ رو ہو جائے گی

داستانوں میں چھپی اک داستاں سنجیو ہے

جس میں شرکت کے لیے بے تاب ہے سارا جہاں

جشن اردو کا بھی میر کارواں سنجیو ہے

بھر رہا ہے ریختہ گاگر میں وہ سارا ادب

یوں لگے اظہرؔ مجھے سارا جہاں سنجیو ہے

مزید غزلیں از اظہر بخش اظہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں