پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عظیم انجم کی غزلیں — Azeem Anjum Ghazals

عظیم انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ساتھ چل پڑی تنہا ساتھ رہ گئی تنہا (غزل)

ساتھ چل پڑی تنہا ساتھ رہ گئی تنہا

کتنی با وفا نکلی میری بے بسی تنہا

وقت پھر مہرباں ہے کٹ گئے سبھی ساتھی

زندگی کی راہوں میں رہ گیا کوئی تنہا

آپ کی نوازش ہے آپ کی توجہ سے

سرگراں ہے برسوں سے ایک اجنبی تنہا

یہ جنوں کی پابندی یہ خرد کی تعزیریں

کس طرح نباہے گی ایک زندگی تنہا

ہر طرف مسلط ہے اک مہیب سناٹا

ہاں مگر دھڑکتا ہے دل کبھی کبھی تنہا

انجمؔ شکستہ نے میکدے سے کیا پایا

ایک جام ٹوٹا سا ایک تشنگی تنہا

روح میں درد کا پیوند لگانے والا (غزل)

روح میں درد کا پیوند لگانے والا

تیرا ہر خواب ہے پلکوں کو جلانے والا

اک تصور کے سوا رات کے سناٹے میں

کون ہے بند کواڑوں کو ہلانے والا

میری حسرت ہے سلیقے سے کوئی تیر چلے

کیا یہاں کوئی نہیں ٹھیک نشانے والا

ضد ہے قاتل کو اسے بخش دیا جائے گا

جرم تسلیم کرے دار پہ جانے والا

آج کچھ درد کی شدت میں کمی ہے شاید

سو گیا ہے مرے زخموں کا جگانے والا

مجھ کو یوں پڑھ کے سبھی بھول گئے ہیں انجمؔ

جیسے میں ہوں کوئی کردار فسانے والا

مزید غزلیں از عظیم انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں