ارجمند بانو افشاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ شہر ہے وہ شہر کہ جس میں ہیں بے وجہ کامیاب چہرے (غزل)
یہ شہر ہے وہ شہر کہ جس میں ہیں بے وجہ کامیاب چہرے
یہاں سیاست کی آندھیوں نے مٹا دیئے ماہتاب چہرے
فریب کھانا نہ غم اٹھانا نہ ان کے سائے میں منہ چھپانا
ہزار کانٹے چھپائے بیٹھے ہیں شوخ رنگیں گلاب چہرے
کوئی بھی ہمدم نہیں ہے سچا کوئی بھی ساتھی نہیں ہے مخلص
جنہیں تم اپنا سمجھ رہے ہو وہی ہیں خانہ خراب چہرے
کوئی نیا درد سونپ دیں گے کوئی نیا زخم ڈال دیں گے
کرن کرن ہیں زہر میں ڈوبے ہیں ظاہراً آفتاب چہرے
جو پڑھ سکو تو خلوص پڑھ لو مری نگاہوں کی سادگی میں
جہاں میں افشاںؔ سے لوگ کم ہیں ہوں جن کے سچی کتاب چہرے
جو راہ چلنا ہے خود ہی چن لو یہاں کوئی راہبر نہیں ہے (غزل)
جو راہ چلنا ہے خود ہی چن لو یہاں کوئی راہبر نہیں ہے
یہی حقیقت ہے بات مانو تمہیں ابھی کچھ خبر نہیں ہے
کسی کو سادہ دلی کا بدلہ ملا ہی کب ہے جو اب ملے گا
وفا بھی دنیا میں ایک شے ہے مگر وہ اب معتبر نہیں ہے
نہ جانے کب رخ ہوا بدل دے بھڑک اٹھیں پھر وہ بجھتے شعلے
ہراس ہے وہ فضا پہ طاری کہیں بھی محفوظ گھر نہیں ہے
جو چاہتے ہیں چمن کو باٹیں وہ کیسے باٹیں گے فصل گلشن
بہے گا غنچوں کا خون کتنا انہیں تو اس کا بھی ڈر نہیں ہے
جو پشت پہ وار کر رہے ہیں کہو کہ اب سامنے سے آئیں
جسے وہ غافل سمجھ رہے ہیں وہ اس قدر بے خبر نہیں ہے
نہ کامیابی ملے گی تم کو ہمیں مٹانے کی کوششوں میں
جھکے گا جو ظالموں کے آگے وہ حق پرستوں کا سر نہیں ہے
جو بانٹتے ہیں متاع ہستی انہیں یہ افشاںؔ ذرا بتا دو
جو میں نے مانگا ہے حق ہے میرا مجھے یہ کہنے میں ڈر نہیں ہے